ایران ، اپنی دفاعی صلاحیتیں ایشیا کے آزاد ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کیلئے تیار

(پنڈی پوسٹ نیوز)ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی دفاعی صلاحیتیں ایشیا کے آزاد ممالک، خصوصاً شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ایرانی نائب وزیر دفاع رضا طلائی نِک نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران دیگر ممالک کے ساتھ امریکا کے خلاف جنگی تجربات اور دفاعی حکمت عملی سے متعلق معلومات شیئر کرنے کے لیے آمادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ تنازع کے دوران ایران نے اپنے دفاعی نظام کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، جس میں ڈرونز اور میزائلوں کا استعمال شامل تھا۔ ان کے مطابق فضائی حدود میں امریکی ڈرونز کو نشانہ بنانے کے دعوے بھی کیے گئے۔واضح رہے کہ ایران کو فروری کے آخر سے اپریل کے اوائل تک امریکا اور اسرائیل کے ساتھ شدید کشیدگی کا سامنا رہا، جو بعد ازاں جنگ بندی پر ختم ہوئی۔ تاہم اس تنازع کے مستقل حل کے لیے سفارتی کوششیں تاحال تعطل کا شکار بتائی جا رہی ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں روس اور بیلاروس کے دفاعی حکام کے ساتھ بھی ملاقاتیں کی گئی ہیں، جن میں باہمی دفاعی تعاون جاری رکھنے اور اسے مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔