رپورٹ: خالد بزمی
گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سرصوبہ شاہ کی بزمِ ادب کے زیرِ اہتمام “یومِ تشکر” کی ایک پروقار اور جذبات سے بھرپور تقریب کا انعقاد سینئر ہیڈ ماسٹر ڈاکٹر جہانگیر افضل ہاشمی کی زیرِ سرپرستی کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ بعد ازاں طلبہ نے حب الوطنی سے لبریز تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے۔ اس دوران دفاعِ وطن کے عظیم جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں، شجاعت اور عزم پر روشنی ڈالی گئی۔
اساتذہ کرام عمر شیر زمان اور تحسین لطیف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملک کی محافظ ہے بلکہ پوری اُمتِ مسلمہ کا فخر ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہم پاک فوج کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑے ہیں۔
سینئر ہیڈ ماسٹر ڈاکٹر جہانگیر افضل ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کا دفاع وطن میں کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ اُنہوں نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔
طلبہ نے “پاکستان زندہ باد” اور “افواجِ پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے محفل کو گرما دیا اور اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
تقریب میں جماعت نہم (سائنس) کے طلبہ ابراہیم، عبداللہ، احتشام اور حسنین نے بالترتیب تلاوت، نعت، تقریر اور ملی نغمہ پیش کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی حسنین نے بخوبی انجام دیے۔
تقریب کے اختتام پر اسکول کے محترم قاری محمد نذیر صدیقی نے ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔