راولپنڈی(پنڈی پوسٹ نیوز)تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔پولیس کے مطابق مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔
گرفتار ملزم سنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث گینگ کا اہم رکن بتایا جاتا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔