اینکر پرسن ربیعہ احسن کی موت حادثاتی تھی،اہلخانہ کا شوہر کے خلاف مقدمہ واپس لینے کافیصلہ

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی میں گھر کے اندر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے اہلخانہ نے ان کے شوہر احسن طاہر خان کے خلاف درج قتل کا مقدمہ آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ اہلخانہ کی خواہش کے باوجود قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

ربیعہ کی بہن علوینا نے دعویٰ کیا کہ ان کی بہن کی موت مکمل طور پر حادثاتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان اس وقت شدید صدمے سے دوچار ہے اور فی الحال مقدمے کو آگے بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ خاندان اس کیفیت سے باہر آنے کے بعد واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے لائے گا۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق احسن طاہر نے دورانِ تفتیش مؤقف اختیار کیا کہ وہ مذاق میں مقامی ساختہ پستول ربیعہ کی طرف کرکے اس کا چیمبر لوڈ کر رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن میں لگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت گھر کا ایک ملازم بھی کمرے میں موجود تھا، جبکہ میاں بیوی کے درمیان کسی جھگڑے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے عدالت سے احسن طاہر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق قتل کے مقدمے میں شکایت کنندہ محض اپنی درخواست پر ایف آئی آر ختم نہیں کرا سکتا۔ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ قابلِ راضی نامہ ہے، تاہم مقتول کے قانونی ورثا دورانِ ٹرائل عدالت کی اجازت سے ملزم کو معاف کرسکتے ہیں۔