بیدی محل کلر سیداں کا نوحہ

ایک عرصے سے بیدی محل دیکھنے کی تمنا دل بے تاب میں موجود تھی،بروز جمعہ المبارک روات سے کلر سیداں کا رخ کر لیا حالانکہ میں اس بات سے اچھی طرح آ گاہ تھا کہ گورنمنٹ ہائی سکول کلر سیداں کی عمارت میں یہ تاریخی عمارت قائم ہے اور مذکورہ سکول گرمیوں کی تعطیلات کی وجہ سے بند تھا،پھر بھی یہ امید تھی کہ چوکیدار موجود ہو گا اس سے گزارش کروں گا کہ عمارت کے اندر جانے دے،تقریباً گیارہ بجے وہاں پہنچ گیا،وہاں تربیتی نشست چل رہی تھی،چوکیدار سے بات کی کہ بیدی محل کی عمارت دیکھنا چاہتا ہوں آپ دکھا سکتے ہیں تو چوکیدار نے ہیڈ ماسٹر صاحب کا نمبر دیا کہ ان سے بات کر لیں،

آپ کی نوازش تھی کہ چوکیدار کو ہدایت فرمائی کہ انہیں عمارت دکھا دیں،چوکیدار مجھے ایک دیدہ زیب تاریخی عمارت کے پاس لے گیا اور اس کا صدر دروازہ کھول کر بولا کہ آپ جتنی دیر چاہیں عمارت میں رہیں جب اچھی طرح دیکھ لیں تو باہر نکل کر مجھے بتا دیجیئے گا،میں تالا لگا دوں گا،میں نے اس سے گزارش کی کہ اگر مناسب سمجھیں تو میری چند تصاویر بنا دیں اس نے میری فرمائش پر تصاویر بنا دیں اور عمارت سے باہر نکل گیا .

میں جونہی بیدی محل میں داخل ہوا تو حیرت زدہ رہ گیا،دو کنال آٹھ مرلہ تین منزلہ عمارت کو 1860 میں سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے خاندان سے تعلق رکھنے والے کھیم سنگھ بیدی نے بنوایا تھا , انہیں انگریزوں سے وفاداری کے صلے میں اعزازی مجسٹریٹ کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا،ان کے بعد اس محل کا وارث ان کا فرزند گورو بخش سنگھ بیدی بنا .بیدی محل کی تعمیر اٹک کے کاری گروں سے کروائی گئی تھی،اس میں استعمال ہونے والا پتھر تھوہا خالصہ روڈ پر واقع ” بھائی نی بن” سے لایا گیا ،پلستر میں چونا،لال مٹی اور پٹ سن کے ریشے استعمال کئے گئے تھے .

میں صدر دروازہ سے اندر محل کی عظیم الشان عمارت کی زمینی منزل پر کھڑا تھا جہاں چہار سو رنگ برنگے پتھروں پر معروف سکھ شخصیات اور پھولوں کی تصاویر کندہ تھیں اور اپنے عظیم الشان ماضی کی داستان سنا رہی تھیں چاروں طرف کمرے بنائے گئے تھے جن میں روشنی اور ہوا کی آمدورفت کے لیے روشن دان رکھے گئے تھے ،چھت پر لکڑی ڈال کر اوپر مٹی اور اینٹیں لگائی گئی تھیں،دروازے مضبوط لکڑی سے بنائے گئے تھے جن کی لکڑی ابھی تک خراب نہیں ہوئی تھی البتہ جگہ جگہ سے چھت اور دیواروں سے لکڑی اور اینٹیں اکھڑ کر گر چکی تھیں اور کمروں اور برآمدوں کے وسط میں بکھری اپنی بربادی کا ماتم کر رہی تھیں ۔

میں حیرت کا بت بنا تھوڑی دیر اس منظر کو دیکھتا رہا اور چشم تصور سے اس وقت کو دیکھنے کی کوشش کرتا رہا جب یہاں چہل پہل رہی ہو گی اور اس کی خوب صورتی ہر آنکھ کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہو گی ،میں نے گھڑی میں وقت دیکھا تو بارہ ہو چکے تھے گویا ایک گھنٹہ مزید میں اس عمارت میں رہ سکتا تھا کیونکہ اس کے بعد نماز جمعہ کا وقت ہو جاتا اس لیے میں نے اوپر والی منزل پر جانے کے لیے اینٹوں سے بنے چوڑے زینوں کا انتخاب کیا،ہر جانب سے ایک تنگ اور دوسرے چوڑے زینے اوپر جاتے ہیں۔

پہلی منزل کی چھت پر لگی اینٹوں میں سے کافی اکھڑی ہوئی تھیں ان پر وزن ڈالنے سے چھت گرنے کا خطرہ لاحق تھا اس لیے میں چاروں اطراف بنے کمروں کو گھوم پھر کر دیکھنے لگا،ہر کمرے میں خوب صورت نقشِ و نگار بنے ہوئے تھے اور مضبوط لکڑی کا استعمال کیا گیا تھا البتہ ہر چیز ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اس کے بعد میں دوسری منزل پر گیا اور اوپر سے نیچے زمینی منزل پر نگاہ ڈالی جو وہاں سے بھی دیدہ زیب لگ رہی تھی ،ایک کمرے کو غالباً سکھوں کی عبادت گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا کیونکہ اس میں جو تصاویر بنائی گئی تھیں ان سے یہی ظاہر ہوتا تھا کہ یہاں مذہبی رسوم ادا کی جاتی تھیں .یہ تصاویر فن مصوری کا بہترین شاہکار ہیں .

میں نے بیدی محل میں دو گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا اس وقت اور کوئی وہاں موجود نہیں تھا،میں نے اس کے در ودیوار،چھت،راہداریاں،جھروکے،دریچے،پرندوں کے گھونسلے،مختلف کمرے اور دالان میں موجود ماضی کی چہل پہل اور چلتی پھرتی زندگی کو محسوس کیا اور اس کے بعد اب اس محل کی عمارت کی حالت زار پر نگاہ ڈالی تو بڑا رنج ہوا کہ اس مٹتی اور بربادی کا شکار ہوتی تاریخی عمارت کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھانے کی کوشش نہیں کی گئی یہی حالت رہی تو وہ وقت دور نہیں

جب اس عمارت کو منہدم کر کے اس عظیم الشان ورثے کا نام و نشان مٹا دیا جائے گا اور اس کی جگہ کوئی کاروباری مرکز تعمیر کر دیا جائے گا،میری محکمہء آثارِ قدیمہ اور حکومت وقت سے اپیل ہے کہ کلرسیداں کی واحد تاریخی عمارت بیدی محل کی بحالی کے اقدامات بلا تاخیر کئے جائیں اور اس مٹتی ہوئی تہذیب کی نشانی کو بچانے کا بندوست کیا جائے


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.