وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل اہم دورے پر سعودی عرب روانہ

(پنڈی پوسٹ نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ شراکت داری، تزویراتی تعاون، علاقائی و بین الاقوامی امور سمیت خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی ﷺ میں حاضری دے کر روضۂ رسول ﷺ پر سلام پیش کریں گے۔وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔ توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون، علاقائی ہم آہنگی اور مختلف شعبوں میں روابط کو مزید فروغ ملے گا۔