ایران میں خامنہ ای کو شہید کیا گیا ان حالات میں انتخابی مہم کو چلانا مناسب نہیں ،بلاول بھٹو

(پنڈی پوسٹ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہایران میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کیا گیا، ان حالات میں انتخابی مہم چلانا مناسب نہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں،ایران کے ساتھ دنیا بھر کے عوام جنگ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں جاری صورتحال کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور جنگی حالات کے اثرات دنیا بھر کے عوام کو بھگتنا پڑ رہے ہیں، جس سے معاشی بحران اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تنازعات کے نتیجے میں انسانی جانوں کا نقصان ہوتا ہے اور عام شہری سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، جبکہ امن کی کوششیں کامیاب ہونے سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں پیپلز پارٹی کا کردار رہا ہے، جبکہ مسلم دنیا میں پاکستان ایک اہم ایٹمی طاقت ہے۔پیپلز پارٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ مزدور، کسان اور کمزور طبقات کی نمائندہ رہی ہے اور ملک کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب عام آدمی خوشحال ہو۔انہوں نے معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پالیسیاں درست نہیں جن سے صرف امیر طبقہ مزید مستحکم ہو، جبکہ جنگی حالات اور عالمی بحرانوں کے باعث مہنگائی اور معاشی دباؤ میں اضافہ ہوتا ہے۔