ڈاکٹر محمد صغیر چوہدری نتھیا ٹاون کی ایک متحرک اور عہد ساز شخصیت

میرپور کے نواحی علاقے نتھیا ٹاون، ڈھیری چوہدریاں، جڑول کلاں اور جڑول خرد کے عوام اگر گزشتہ چند برسوں کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو انہیں ایک ایسی شخصیت نمایاں دکھائی دیتی ہے جس نے خاموشی، مستقل مزاجی اور خلوص کے ساتھ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ یہ شخصیت ڈاکٹر محمد صغیر کی ہے، جنہوں نے سیاسی اختلافات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات محنت کی۔


آج کے دور میں جہاں اکثر لوگ صرف وعدوں اور نعروں تک محدود دکھائی دیتے ہیں، وہاں ڈاکٹر محمد صغیر نے عملی کام کر کے خود کو ایک فعال اور متحرک سماجی و سیاسی شخصیت ثابت کیا۔ انہوں نے نہ شدید سردی کی پرواہ کی اور نہ ہی گرمی کی شدت کو اپنی راہ میں رکاوٹ بننے دیا۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے وہ ہر وقت متحرک دکھائی دیے اور یہی وجہ ہے کہ آج علاقے کے لوگ ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔


نتھیا ٹاو¿ن اور گرد و نواح کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک بڑا مسئلہ رہی ہے۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ناقص سیوریج سسٹم، بجلی کی کمزور ترسیل اور ٹرانسفارمرز کی کمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی تھی۔ ایسے حالات میں ڈاکٹر محمد صغیر نے محض بیانات دینے کے بجائے عملی میدان میں اتر کر کام کیا۔ ان کی کوششوں سے کئی اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت ممکن ہوئی، سیوریج کے مسائل حل ہوئے، بجلی کے نئے پول نصب کیے گئے اور متعدد مقامات پر ٹرانسفارمرز فراہم کیے گئے جس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملا۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر محمد صغیر نے بعض اوقات ان نمائندوں سے بھی زیادہ محنت کی جو باقاعدہ منتخب ہو کر ایوانوں تک پہنچے۔

وارڈ کونسلرز اور چیئرمین صاحبان کی ذمہ داریوں کے باوجود ڈاکٹر صاحب جس انداز میں لوگوں کے مسائل کے لیے دفاتر کے چکر لگاتے اور متعلقہ اداروں سے رابطے کرتے رہے، وہ ان کی عوام دوستی کا واضح ثبوت ہے۔راقم کا کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی یہ تحریر کسی سیاسی مفاد کے تحت لکھی جا رہی ہے۔

گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بطور ایک عام شہری میں نے ڈاکٹر محمد صغیر کو مسلسل عوام کے درمیان دیکھا ہے۔ وہ کبھی کسی ضرورت مند کے مسئلے کے لیے دوڑتے دکھائی دیے، کبھی بجلی کے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ محکموں سے رابطہ کرتے نظر آئے، اور کبھی سڑکوں و نکاسی آب کے معاملات کے لیے سرگرم عمل رہے۔ یہی مسلسل جدوجہد ایک شخصیت کو عوام کے دلوں میں جگہ دلاتی ہے۔معاشروں کی ترقی صرف بڑے منصوبوں سے نہیں بلکہ مخلص اور درد دل رکھنے والی شخصیات سے ہوتی ہے۔ ڈاکٹر محمد صغیر انہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جو اپنے علاقے کی بہتری کے لیے خاموشی سے کام کرتے رہے۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی خدمت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ دوسرے لوگ بھی اس جذبے کے ساتھ میدان میں آئیں۔اگر کسی علاقے میں بنیادی سہولیات بہتر ہوں، سڑکیں پختہ ہوں، بجلی اور سیوریج کے مسائل کم ہوں تو اس کا براہِ راست فائدہ عام شہری کو پہنچتا ہے۔ نتھیا ٹاو¿ن اور یونین کونسل رٹھوعہ محمد علی اس کے ملحقہ علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کام اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر نیت صاف ہو اور خدمت کا جذبہ موجود ہو تو محدود وسائل میں بھی بہت کچھ کیا جا سکتا ہے۔