اڈیالہ روڈ ثمرزار چوک پر گوشت مافیا کی من مانیاں، شہریوں کو گوشت کی فراہمی سے انکار، فوڈ اتھارٹی سے فوری ایکشن کا مطالبہ

راولپنڈی (بیورو رپورٹ): اڈیالہ روڈ کے گنجان آباد علاقے ثمرزار چوک میں قصابوں نے اپنی ریاست قائم کر لی۔ شہریوں کی جانب سے سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں کہ دکانوں پر گوشت اور کلیجی کی موجودگی کے باوجود مخصوص گاہکوں کو خریداری سے منع کیا جا رہا ہے، جو کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ثمر زار چوک پر واقع گوشت فروش نہ صرف بدتمیزی سے پیش آتے ہیں بلکہ گوشت کی موجودگی کے باوجود اسے فروخت کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ قصاب مبینہ طور پر گٹھ جوڑ کر کے مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں یا پھر گوشت کے معیار میں ایسی خامیاں موجود ہیں جنہیں چھپانے کے لیے عام شہریوں کو ٹرخایا جا رہا ہے۔
یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ان دکانداروں نے علاقے میں ایک ‘خوف کا ماحول بنا رکھا ہے اور جو شہری ان کی بدعنوانی یا قریبی غیر قانونی سرگرمیوں (جیسے ناقص گیس فلنگ) کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں، انہیں ہراساں کرنے کے لیے راشن اور گوشت کی فراہمی بند کر دی جاتی ہے۔
اہلیانِ علاقہ نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ:
ثمر زار چوک پر واقع گوشت کی دکانوں کے اسٹاک اور معیار کا فوری معائنہ کیا جائے۔
گاہکوں کو گوشت کی فراہمی سے انکار کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کی جائیں۔
ان قصابوں کے پسِ پردہ چھپے بااثر افراد اور ان کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا جائے۔
انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان!
کیا ثمر زار چوک میں قانون کی حکمرانی ہے یا قصابوں کی اپنی مرضی چلے گی؟ عوامی حلقوں نے وارننگ دی ہے کہ اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔@