حج پروازوں کا شیڈول جاری، پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی

عازمین حج کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ وزارت مذہبی امور نےحج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پاکستان سے پہلی عازمین حج کی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی، جس کے بعد سرکاری حج اسکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے 1 لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی، سرکاری اسکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد جبکہ 51 ہزار 846 خواتین عازمین حجاز مقدس جائیں گی۔

حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، اس کے بعد 4 مئی کو جدہ کیلیے پروازوں کا آغاز ہوگا۔

مدینہ منورہ کے لیے پہلی لانگ حج پرواز سات مئی کو روانہ ہوگی جبکہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔