اٹک ، پنجاب فوڈ اتھارٹی ان ایکشن ، پنجاب سے کے پی کے مضر صحت گوشت کی کوشش ناکام ، گوشت تلف ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

ٹک( نمائندہ پنڈی پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کو مضرِ صحت گوشت کی فراہمی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں خراب گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا جبکہ ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی اٹک میڈم آمنہ کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک جنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر جنڈ احمدعلی رضا کے ہمراہ کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق خوشحال گڑھ ہائی وے چیک پوسٹ کے انچارج سب انسپکٹر بلال اور اے ایس آئی طفیل خٹک نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم کو اطلاع دی کہ ایک مسافر بس نمبری LES-7144 کے ذریعے گوجرانوالہ سے کوہاٹ کی جانب مشتبہ گوشت انتہائی نامناسب اور غیر محفوظ حالات میں منتقل کیا جا رہا ہے۔اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم موقع پر پہنچی اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک جنڈ ڈاکٹر مظفر حسین کے ہمراہ بس میں موجود گوشت کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ تقریباً 16.4 من گوشت دس نیلے رنگ کے کیمیکل ڈرموں میں بغیر کولڈ چین کے انتہائی غیر صحت بخش حالت میں رکھا گیا تھا۔ گوشت بوسیدہ، آلودہ اور انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک جنڈ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ رپورٹ میں گوشت کو انسانی استعمال کے لیے مکمل طور پر غیر موزوں قرار دیا گیا۔ رپورٹ کی روشنی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈسکارڈ ریگولیشنز 2017 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 16.4 من خراب گوشت کو ڈسکارڈ آرڈر شیڈول II نمبر 26419 کے تحت اسسٹنٹ کمشنر جنڈ اور ڈسٹرکٹ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی اٹک کی موجودگی میں تلف کر دیا۔کارروائی کے دوران گوشت کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی اور گوشت ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے 10 کیمیکل ڈرم بھی پولیس کے حوالے کر دیے گئے۔ پولیس نے گوشت کے تین مبینہ مالکان اور گاڑی کے ڈرائیور سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو مضر صحت خوراک کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔