کلرسیداں: راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کلرسیداں میں صرف فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئی ہے جبکہ صفائی کے عملی اقدامات دکھائی نہیں دے رہے۔ تحصیل کلرسیداں کے داخلی مقام ڈی ایچ اے فیز 7 گیٹ نمبر 2 شاہ باغ کے قریب واقع برساتی نالہ گندگی اور شاپرز کے ڈھیروں سے بھر گیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کلرسیداں انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث نالے سے کچرا اور شاپرز اٹھانے کا کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا جا رہا، جس کے نتیجے میں برساتی نالہ بند ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت صفائی نہ کی گئی تو موسم برسات میں بارش کا پانی سڑک تک آنے کا خدشہ ہے، جس سے روات۔کلرسیداں روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے اور بندش کا اندیشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے، نالے کی صفائی کروائی جائے اور غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔