گوجرخان میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی کے ہمراہ صوبائی وزیر منشاء خان اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے خصوصی شرکت کی۔ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب کا انعقاد مقامی سٹیڈیم میں کیا گیا جہاں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مہمانوں کا استقبال ڈھول کی تھاپ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور پرتپاک نعروں کی گونج میں کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی و پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص، ضلعی و تحصیل انتظامیہ، پولیس افسران اور بلدیاتی نمائندگان بھی شریک تھے۔
تقریب کی میزبانی اور انتظامات کی ذمہ داری سینئر مسلم لیگی رہنما ثاقب علی بیگ نے سرانجام دی۔ مہمانوں اور شرکاء کے لیے بیٹھنے کے مناسب انتظامات، معیاری ساؤنڈ سسٹم اور سٹیج سجاوٹ کو شرکاء کی جانب سے سراہا گیا۔ صوبائی وزراء نے اپنے خطاب میں گرین الیکٹرک بس سروس کو عوام کے لیے سہولت اور ماحول دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بس منصوبہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سروس سے گوجرخان کے عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولت دستیاب ہوگی۔
گرین الیکٹرک بس سروس کے آغاز کو شہریوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے علاقے میں ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی کی جانب پیش رفت بتایا۔