کلرسیداں انسداد ڈینگی مہم میں تیزی

کلرسیداں (یاسر ملک)
کلرسیداں انسداد ڈینگی مہم میں تیزی، ٹیموں کو مزید مستعدی کی ہدایت۔ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں شبانہ نذیر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرحت ابراہیم نے گزشتہ روز ڈینگی فوکل پرسن چوہدری عبدالغفار کے ہمراہ محلہ غوثیہ میں سویپ ایکٹیویٹی کے دوران مختلف مقامات کا دورہ کیا اور ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے انسداد ڈینگی ٹیم کے ہمراہ گھروں کی چیکنگ کی اور مکینوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر خالی پلاٹس میں جھاڑیوں اور گھاس کی موجودگی پر مالکان سے فوری رابطہ کر کے انہیں تلف کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر شبانہ نذیر نے واضح کیا کہ انڈور لاروا ملنے پر گھر کے رہائشیوں کو احتیاطی اقدامات کی تلقین کی جائے، جبکہ آؤٹ ڈور لاروا ملنے کی صورت میں ٹی ایس آئی اور اینٹامالوجسٹ کو فوری اور سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے تحصیل انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ گھروں اور اطراف میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔