یومِ بحریہ:آپریشن سومناتھ سے معرکہ حق تک پاک بحریہ نے تاریخ رقم کی:صدرووزیراعظم

(پنڈی پوسٹ نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں، اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود، قومی مفادات اور بحری تجارت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کا بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن ’’سومناتھ‘‘ اس کی شجاعت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے اعلیٰ آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے بحری مفادات کا مؤثر دفاع کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے دوران پاک بحریہ نے ’’آپریشن محافظ البحر‘‘ کے تحت ملکی توانائی اور معاشی ضروریات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا اور سمندری راستوں سے توانائی کی ضروری ترسیل کا سلسلہ برقرار رکھا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یومِ بحریہ 1965 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے عزم، بہادری اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرنے والا قابلِ فخر دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے آپریشن ’’سومناتھ‘‘ کے ذریعے دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جبکہ آبدوز ’’غازی‘‘ کی موجودگی نے دشمن کی بحری نقل و حرکت پر دباؤ بڑھایا۔وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے غیر معمولی آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث عددی برتری رکھنے والا دشمن سمندر میں کسی جارحانہ کارروائی سے باز رہا۔

انہوں نے پاک بحریہ کی جدید کاری اور نئی جنگی صلاحیتوں کے حصول کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی جہازوں، ہانگور کلاس آبدوزوں، فضائی اثاثوں، بغیر پائلٹ نظام اور مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی شمولیت پاک بحریہ کو جدید اور مؤثر بحری قوت بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔