تحریر:فیصل عرفان
تحصیل گوجر خان کے رجحان ساز کمر شل پینٹر اینڈ آرٹسٹ محمدفیاض ولد فقیر محمد فروری1939کو انبالہ (مشرقی پنجاب) میں پیدا ہوئے ،قیام پاکستان کے بعد والدین کے ہمراہ ہجرت کر کے گوجر خان آگئے ،
ابتدائی تعلیم پرائمری سکول گوجر خان اور اسلامیہ ہائی سکول گوجر خان سے حاصل کی ،اسلامیہ سکول گوجر خان کے ماسٹر نظامی سے دو سال میں خوش نویسی سیکھی ۔21سال کی عمر میں خوش نویسی اور کمرشل سائن بورڈ اور بینر لکھنے کا کام شروع کر دیا تھا۔
کٹڑہ چمڑہ کے پاس فیاض پینٹر کے نام سے دکان بنا رکھی تھی ،این ایچ اے اور بی ایس اے پی کیلئے بھی کام کیا۔شاگردوں میں سر فہرست میاں زاہد علی ہیں جنہوں نے 1981میں استاد محمد فیاض پینٹر(فیاض پینٹر/گوجر خان)سے خطاطی سیکھنے کا آغاز کیا۔
کمر شل پینٹر اینڈ آرٹسٹ کاشف ممتاز کاشی نے29مارچ2026 کو راقم(فیصل عرفان) سے گفتگو میں بتایا کہ” استاد فیاض اپنے انداز قلم کاری میں منفرد مقام رکھتے تھے۔رنگوں کے انتخاب اور بینرز یا سائن بورڈ کی کمپوزیشن میں انہیں خاص مہارت حاصل تھی۔
زمانہ ماضی میں دیسی طریقوں سے گہرے اور پائیدار رنگوں کی تیاری بھی ایک فن کی ہی حیثیت رکھتی تھی جس میں استاد فیاض بہت ماہر تھے۔الغرض کمرشل آرٹ میں ان کا حصہ جانفشانی اور بھرپور محنت کا مظہر تھا جو ان کے کام کی جاذبیت اور اعلیٰ معیار کاآئینہ دار تھا۔ان کا طرزِ تحریر انداز خطاطی کے اصولوں پر نہ تھا لیکن بینرز اور بورڈز نویسی میں انھوں نے اپنی نوع کا کمرشل خط متعارف کرایا جسے کاشف ممتاز کاشی نے فیاض خط کا نام دیا۔
وہ ہر بڑے اور چھوٹے لفظ کو ایک مخصوص نشست میں باندھتے تھے اور یہ ہنر وری خطاطی کے اصولوں پر نہ سہی لیکن ان کی بینر نویسی کا خاصہ تھی۔ اس کے علاوہ ان کی شہرت بڑے بینرز لکھنے سے تھی۔”گذشتہ روز 24اکتوبر2026کو وارڈ نمبر7،العابد مسجد گوجر خان میں وفات پا گئے ،نماز جنازہ سہ پہر تین بجے ادا کی گئی جس میں فن خوش نویسی سے وابستہ درجنوں افراد نے شرکت کی۔تدفین بابا شیخ طالب قبرستان گوجر خان میں کر دی گئی ہے۔