ہونڈا سی جی 125 کا نیاماڈل آگیا ،قیمت اور نئے فیچجرزنے سب کی توجہ حا صل کر لی

(پنڈی پوسٹ نیوز)اٹلس ہونڈا نے یکم ستمبر 2026 کو پاکستان میں اپنی مقبول موٹر سائیکل ہونڈا سی جی 125 کا نیا لائن اپ باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔نئے ماڈلز میں موٹر سائیکل کے بیرونی ڈیزائن اور باڈی گرافکس میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کمپنی نے اس مرتبہ نئی سیریز کو ’’دی ساؤنڈ آف پاور‘‘ کے سلوگن کے ساتھ پیش کیا ہے، جس میں موٹر سائیکل کے انداز اور سواری کے تجربے کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔نئے لائن اپ میں مکینیکل تبدیلیوں کے بجائے ڈیزائن اور سہولت کو ترجیح دی گئی ہے۔ روایتی کک اسٹارٹ ماڈل کو نئے اسٹیکر ڈیزائن کے ساتھ برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ آسان اسٹارٹ کے لیے سیلف اسٹارٹ ماڈل بھی متعارف کرایا گیا ہے۔کمپنی نے ایک پریمیم ماڈل بھی پیش کیا ہے، جس میں سرخ اور سیاہ رنگوں کی فنشنگ اور خصوصی بیرونی ڈیزائن شامل ہے، جس کا مقصد صارفین کو زیادہ منفرد اور پریمیم لک فراہم کرنا ہے۔اسپیسیفکیشنز کے مطابق نئے ماڈلز میں 124 سی سی فور اسٹروک انجن دیا گیا ہے، جبکہ فیول ٹینک کی گنجائش 9.2 لیٹر ہے۔قیمت کی بات کی جائے تو اسٹینڈرڈ ہونڈا سی جی 125 کی ابتدائی قیمت 2 لاکھ 38 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر اعلیٰ ماڈلز کی قیمتیں ان کی خصوصیات کے مطابق زیادہ رکھی گئی ہیں۔