پی ٹی آئی،جو کچھ کررہی ہے،اس سے عمران خان کو فائدے کے بجائے نقصان ہوگا،طلال چوہدری

(پنڈی پوسٹ نیوز)وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جو کچھ کررہی ہے، اس سے عمران خان کو فائدے کے بجائے نقصان ہوگا، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ریاست بلیک میل ہوکر اسے کندھوں پر بٹھا لے، تاہم اس کے غیرحقیقی مطالبات ماننا ممکن نہیں۔طلال چوہدری نے کہاکہ اسلام آباد میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ دارالحکومت میں کنٹینرز رکھے گئے ہیں، لیکن راستے بند نہیں کیے گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر حکومت ہر صورت عملدرآمد چاہتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنما جو کہتے ہیں، وہ کرتے نہیں، جبکہ پی ٹی آئی اندر سے خود توڑ پھوڑ کا شکار ہے۔ حریک انصاف والے ہمیشہ انتشار جیسی صورت حال پیدا کرتے ہیں اور جلسہ جلوس نکالنے نہیں بلکہ یلغار کرنے کے لیے آتے ہیں۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت چاہتی ہے کہ پولیس اس کی غلام بن جائے اور ہر آدمی ان کی مرضی سے تعینات ہو۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی چاہتے ہیں کہ کسی بھی طرح ان کی وزارتِ اعلیٰ قائم رہے۔وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ وہ نہیں چاہیں گے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’یہ سومنات والا بیان کس نے دیا؟‘انہوں نے کہا کہ مذاکرات، مفاہمت اور این آر او الگ الگ چیزیں ہیں۔ طاقت کا کم سے کم استعمال ہمیشہ حکومت کی پالیسی رہی ہے۔