101

منفرد شناخت کا حامل اخبار

اخبار ہمیں ملکی وبین الاقوامی حالات حاضرہ اور گردوپیش میں رونما ہونیوالے نت نئے حالات واقعات سے باخبر رکھنے کے علاوہ بہت سی مفید معلومات بھی فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں تاہم علاقائی صحافت بھی مقامی مسائل کو اجاگر کرنے ثقافتی اقدار کی عکاسی علاقائی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے جبکہ علاقائی سطح پر عوامی و سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی مقامی شخصیات کا تعارف اور انکے کارناموں کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی علاقائی صحافت کا اہم کردار رہا ہے جبکہ ایک اچھے لکھاری سے علاقائی صحافت کا تصور بھی ابھرتا ہے ملکی وبین الاقوامی صحافت کی اہمیت اپنی جگہ مگر دورِ حاضر میں علاقائی صحافت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،جب علاقائی صحافت پر بات ہوتی ہے تو صحافتی حلقوں میں پنڈی پوسٹ کا تذکرہ ضرور ہوتا ہے پچھلے ہفتے علاقائی صحافت میں اپنی منفرد شناخت کے حامل ہفت روزہ پنڈی پوسٹ کی گیارہویں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام ایڈیٹر پنڈی پوسٹ عبدالخطیب چوہدری کی رہائشگاہ پرکیا گیا جس میں پنڈی پوسٹ سے منسلک علاقائی صحافیوں، پوٹھوہار ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر، پوٹھوہار کلب گوجرخان کے عہد یداروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی راقم بھی عرصہ چھ سال سے پنڈی پوسٹ کیساتھ منسلک ہے اور مقامی دیہی علاقوں کے عوامی مسائل،دیہی ثقافت،کھیلوں اور اصلاحی نوعیت کے مختلف موضوعات پر جنش قلم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے پنڈی پوسٹ سالگرہ کی افتتاحی تقریب میں پنڈی پوسٹ کے ایڈیٹر عبدالخطیب چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے پنڈی پوسٹ کی عوامی مقبولیت پر قارئین کا شکریہ ادا کیا انکا کہنا تھا کہ 2مئی2012ء سے لے کر آج تک پنڈی پوسٹ کی جاری اشاعت کاروباری لحاظ سے نہیں بلکہ عوامی خدمات کے جذبے کی تحت کی جا رہی ہے اور پنڈی پوسٹ کی اشاعت کو کبھی بھی نفع نقصان کے ترازو میں نہیں پرکھا گیا انکا کہنا تھا کہ شروع میں انہوں نے 1997ء میں ایک اخبار کی نمائندگی لی اور اپنے چھوٹے بھائی کیساتھ مل کراخبار کی سیل کا کام شروع کیا انہوں نے کہا کہ میں بذات خود روات، مانکیالہ اور ساگری میں سائیکل پر اخبار سیل کرتا تھا اور میرے چھوٹے بھائی چوہدری حبیب الرحمان مرحوم اخبار فروخت کرتے ہوئے روڈ حادثے میں جان کی بازی ہار گئے دوسرے لفظوں میں اخبار کی فروخت میں ہمارا خون شامل ہے،یہ کہنا جا نہ ہوگا، انہوں نے پنڈی پوسٹ کی اشاعت کے مسلسل گیارہ سال مکمل ہونے پر خوشی ومسرت کا اظہار کیا انکا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں پنڈی پوسٹ انتہائی مؤثر کردار ادا کرتا آیا ہے جو پنڈی پوسٹ کی پوری ٹیم کیلئے باعث فخر ہے انہوں نے پنڈی پوسٹ کی صحافتی ٹیم میں شامل ہونے والے نئے لکھاریوں کو بھی خوش آمدید کہا اور انکی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی انہوں نے خواہشمند لکھاریوں کو پنڈی پوسٹ کے صحافتی پلیٹفارم میں شمولیت کی باضابطہ دعوت بھی دی،بلاشبہ پنڈی پوسٹ کی اشاعت کی صورت میں ایڈیٹر پنڈی پوسٹ عبدالخطیب چوہدری صاحب کی صحافتی خدمات اور پنڈی پوسٹ کی کامیابی کے سفر میں انکی ثابت قدمی اور صحافتی شعبہ میں انکے مصمم ارادے کی عکاسی کرتی ہے صحافتی خدمات کی احسن انجام دہی پر بلا شبہ وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں،پنڈی پوسٹ اخبار کیساتھ منسلک صحافتی برادری کی یہ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اس پلیٹ فارم کے زریعے عوامی مسائل کی نشاندھی اور انکے حل کیلئے سیاسی و سماجی شخصیات کو ترغیب دی جائے اور اس حوالے سے پنڈی پوسٹ کی پوری ٹیم بہت سے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ارباب اقتدار کو مسائل کے حل کی جانب توجہ دلانے میں خاصی کامیاب رہی ہے اسکے علاؤہ دیہی معاشرے کی دم توڑتی ثقافتی اقدار کو دوبارہ زندہ رکھنا اصلاحی معاشرے کی تشکیل میں فلاحی شخصیات کی خدمات عوامی مسائل کے حل میں سیاسی شخصیات کے کارناموں کی تشہیر، اہم سیاسی سماجی عسکری و مذہبی شخصیات کی خدمات کو نوجوان نسل کے گوش گزار کرنا پنڈی پوسٹ کا ہمیشہ سے طرہ امتیاز رہا اسکے علاوہ علاقائی سطح پر تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور کھیل کے میدان میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اکرام اور طلبا کی بھرپور انداز میں حوصلہ افزائی کیجاتی رہی ہے تاہم مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کیساتھ تنقیدی پہلوؤں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاتا جہاں پر ضرورت محسوس ہوتی ہے وہاں مثبت اور تعمیری تنقید بھی زیر بحث آتی ہے تاہم بلیک میلنگ اور انفرادی کردار کشی اور کسی پر بے جا دشنام طرازی پنڈی پوسٹ کی ٹیم کا شیوہ نہیں بے دعا ہے کہ پنڈی پوسٹ کے صحافتی پلیٹ فارم سے جذبہ خدمت خلق کے تحت صحافتی برادری ایڈیٹر پنڈی پوسٹ کے زیر سایہ اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے جس سے علاقائی تعمیر وترقی میں تیزی اور عوامی مسائل حل ہوں پنڈی پوسٹ کی گیارہویں سالگرہ پر نیک تمناؤں کیساتھ ایڈیٹر پنڈی پوسٹ اور تمام صحافتی برادری کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مستقبل میں پنڈی پوسٹ کی ترقی وترویج کا بھی بھرپور حامی و خواہشمند ہوں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں