سرگودھا: شوہر کے ہاتھوں بیوی اور 5 بچے قتل

سرگودھا(پنڈی پوسٹ نیوز)پنجاب کے ضلع سرگودھا کے نواحی علاقے بھاگٹانوالہ میں شوہر نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کر کے اپنے 4 بیٹوں، 1 بیٹی اور بیوی کو قتل کر دیا۔ واقعہ کے بعد ملزم نے خود کو بھی زخمی کر لیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم کو اپنی بیٹی کے کردار پر شک تھا۔
لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ مقتول بچوں کی عمریں 1 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ بھاگٹانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق چک نمبر 25 جنوبی میں ملزم محمد یاسین نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور 5 بچوں کو کلہاڑی اور چھری کے وار کر کے قتل کیا۔
مدعی منصور حسنین کا الزام ہے کہ گزشتہ شب جب وہ اپنی بہن کے گھر پہنچا تو دروازہ اندر سے بند تھا، دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا تو دیکھا کہ بہنوئی محمد یاسین بہن اور بچوں پر وار کر رہا تھا، بعد میں ملزم نے خود کو شدید زخمی کر لیا۔
پولیس کے مطابق لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار اور اسپتال میں زیرِ علاج ہے جس کی حالت بہتر ہونے پر تفتیش آگے بڑھے گی۔