راولپنڈی کانسٹیبل کو زخمی کرنیوالے ملزمان کو قید جرمانے کی سزائیں

راولپنڈی انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو الزام ثابت ہونے پر مجموعی طور پر ساڑھے 5 سال قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی عدالت نے متاثرہ کانسٹیبل کو 50 ہزار روپے بطور دامان بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے عدالت نے ملزم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سے بری کردیا ہے

تھانہ ویسٹریج پولیس نے گزشتہ سال 13 جنوری کو تھانہ میں بطور ایف سی تعینات کانسٹیبل عبدالجبار کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 324، 353، 186 اور 34 کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا مقدمہ کے متن کے مطابق مدعی سکول روڈ مدینہ چوک پر معمول کی ڈیوٹی کے دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ایک گولی مدعی کی پنڈلی کے آر پار ہوگئی جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے

اس مقدمہ میں بعد ازاں پولیس نے حبیب اللّٰہ عرف سواتی نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو اقدام قتل کی دفعہ 324 کے تحت ڈیڑھ سال قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزم کو مزید 10 دن قید بھگتنا ہو گی جبکہ دفعہ 337.F.iii کے تحت ڈیڑھ سال قید کے ساتھ متاثرہ کانسٹیبل کو 50 ہزار روپے بطور دامان بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے اسی طرح دفعہ 353 کے تحت ڈیڑھ سال اور دفعہ 186 کے تحت 1 سال قید کی سزا سنائی ہے عدالت نے

انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے میں ملزم کو بری کردیا ہے عدالتی حکم کے مطابق ملزم کی سزاؤں پر عملدرآمد بیک وقت ہو گا جبکہ ملزم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382 بی کا فائدہ بھی دیا گیا ہے جس کے تحت ملزم کا عرصہ حوالات سزا کی مدت میں شامل تصور ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔