راولپنڈی؛ اسپتال میں مریضہ کے لواحقین کا نرس پر تشدد، کپڑے پھاڑ کر نیم برہنہ کر دیا

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریض کے لواحقین نے اسٹاف نرس کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کپڑے پھاڑ دیے اور نیم برہنہ کر دیا، تمام اسٹاف نرسز نے احتجاجاً کام چھوڑتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ واقعے پر اسپتال انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی جبکہ پولیس کی جانب سے مریضہ کی بیٹیوں اور رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زرمینہ وزیر محمد نے اپنی بہن اور بھائی کے ہمراہ نرس ستارہ سلیم پر حملہ کیا، گالی گلوچ اور دھمکیوں کے بعد نرس کو گھسیٹ کر کمرے میں لے جا کر کپڑے اتار کر نیم برہنہ کیا۔آر آئی سی کے نرسنگ اسٹاف نے احتجاج کرتے ہوئے کام چھوڑا دیا، اسپتال سیکیورٹی نے گیٹ بند کر دیے۔

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی، ای ڈی نے نرسنگ اسٹاف کو داد رسی کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے ڈاکٹر مصباح درانی، ڈاکٹر عبدالمالک اور ڈاکٹر عبدالسلام پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔

دوسری جانب، تھانہ وارث خان پولیس نے بدسلوکی میں ملوث مریضہ کی بیٹیوں اور رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ اسٹاف نرس ستارہ سلیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔