دریائے سندھ پر اربوں روپے کی لاگت سے زیرِ تعمیر،پل گر کر تباہ

(پنڈی پوسٹ نیوز)دریائے سندھ پر اربوں روپے کی لاگت سے زیرِ تعمیر گھوٹکی-کاندھکوٹ (کشمور) پل گر کر تباہ ہوگیا، جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔مقامی ذرائع اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس میگا پراجیکٹ پر کام جاری تھا کہ پل کا وزنی ستون اچانک زمین بوس ہوگیا، جس نے تعمیراتی کام کے معیار اور ناقص مٹیریل کے استعمال پر کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ عوام اور سماجی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے مبینہ کرپشن اور انتظامیہ کی کھلی لاپرواہی قرار دیا ہے کیونکہ اس پل کے ذریعے کشمور اور گھوٹکی کے درمیان کا فاصلہ کم ہونا تھا۔ واقعے کے بعد تاحال اعلیٰ حکام کی جانب سے کسی تحقیقاتی کمیٹی کا اعلان نہیں کیا گیا جبکہ منصوبے کا بجٹ پہلے ہی اربوں روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس حادثے سے کام مزید تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔