خیبر؛ پولیس کی بڑی کارروائی، ایک ماہ قبل اغوا ہونے والا تاجر غار سے بازیاب

پشاور(پنڈی پوسٹ نیوز) تھانہ لنڈی کوتل پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سدوخیل کے پہاڑی علاقے میں واقع ایک غار سے اغوا ہونے والے مقامی تاجر حاجی ظریف عرف لنڈے کو بازیاب کرلیا۔ڈی پی او وقار احمد کے مطابق حاجی ظریف کو 7 اگست کو لنڈی کوتل بازار کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ لنڈی کوتل میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی، جبکہ سائنسی بنیادوں پر تحقیقات اور دیگر شواہد کی مدد سے پولیس مغوی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔مصدقہ اطلاع پر رات گئے سدوخیل کے علاقے میں کارروائی کی گئی، جہاں اغوا کاروں نے مغوی تاجر کو ایک غار میں رکھا ہوا تھا۔ پولیس کارروائی کے دوران اغوا کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈی پی او وقار احمد کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔واضح رہے کہ مغوی تاجر کے رشتہ داروں اور مقامی شہریوں نے احتجاجاً پاک افغان شاہراہ کو ایک ماہ تک بند رکھا تھا۔