89

تربیت نسلیں سنوارتی ہے

گریجویشن کے بعد صحافت کو لئے عملی زندگی میں قدم رکھا تو سرکاری دفاتر‘بیوروکریسی‘ ملازمین اور عوام وسائلین سے میل ملاقات اور رابطہ آئے روز کا معمول تھا ملازمین اور افسران کے ہاتھوں سائلین اور عوام کو ذلیل و خوار ہوتے دیکھ کر دل بڑا افسردہ ہوتا جہاں تک ممکن ہوتا سائلین کی داد رسی کی کوشش بھی کی جاتی لیکن جہاں آوے کا آوہ ہی بگڑا ہو وہاں بہتری اور انقلاب لانے کے لیے طویل وجہد مسلسل اور مربوط تنظیم کی ضرورت ہوتی ہے چاہے اس کے لیے دو نسلوں تک انتظار کیا جائے

فرد واحدیا چند لوگوں کی کوششیں اکثر و بیشتربے سود ثابت ہوتی ہے چونکہ کالج سے فارغ التحصیل ہوئے ابھی چند ماہ ہی ہونے کی وجہ سے میرا کتابی ذہن تھا د فتری داؤ پیچ سے ناواقفیت تھی یا پھر میری تربیت ایسے خاندان و گھر میں ہوئی تھی جہاں ہاتھ کی مزدوری اور کمائی سے صرف دو وقت کی روٹی ہی نصیب ہوتی تھی لیکن باہمی ہمدردی‘ بھائی چارہ اور بے لوث خدمت طرہ امتیاز تھا اس لیے یہ کبھی وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ دنیا کی کمائی کے طور و طریقے اور زوایے کچھ اور ہی طرز کے ہیں شہریوں سے ہونیوالی زیادتی وانصافی کو دیکھتا تو خون کھول اٹھتا لیکن دل ودماغ میں یہی خیال و تصورآتا ہے یہاں تعینات افسران اور ملازمین زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہیں سفارش اور رشوت کی بناء پر بھرتی ہیں پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سنیارٹی کی بناء پر بڑے عہدوں پر فائز ہوچکے ہیں اب حکومت مقابلہ کے امتحان کے تحت ہی افسران کی تعیناتی اور میرٹ پالیسی کو فروغ دے رہی ہے شایدآنیوالوں چند سالوں میں تعلیم یافتہ طبقہ اور نوجوانوں کے آنے سے کرپشن میں کمی آئے عوامی مسائل کو ترجیح ملے

لیکن صد افسوس مقابلے کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنیوالوں کی بھی پہلی ترجیح دولت بن گئی ہے عوام آج بھی ذلیل وخوار ہورہے ہیں لیکن یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جنھوں نے ناانصافی اور کرپشن کو پروان چڑھایا ان کی نسلوں نے ضرور خمیازہ بھگتا خسارہ ان کا مقدرہی رہا۔چونکہ رزق حرام کا اثر لہو پر پڑتا ہے میں اسطرح کی باتوں کا اظہار اکثر اپنے قریبی دوستوں سے کرتا رہتا ہوں گزشتہ روز کالم لکھنے سے پہلے دوست سے بات کی تو انہوں نے واقعہ سنایا کہ میں جس صاحب کے ساتھ ڈرائیور ہوں ان کی چند سال قبل یہاں پوسٹنگ ہوئی ہے جب وہ یہاں آئے تو ان کے پاس موٹرسائیکل تک نہیں تھا لیکن انہوں نے ماتحت عملہ کے ساتھ مل کر اتنی کمائی کرلی ہے کہ انہوں نے چند ماہ میں بہترین گاڑی خرید لی پھر دو سالوں میں پوش علاقہ میں پلاٹ بلکہ عالیشان بنگلہ بھی بنا لیا ہے ڈرائیور ہونے کے ناطے میں ان کے خاندانی پس منظر سے بھی واقف ہوگیا ان کے والد بھی آبائی علاقہ میں محکمہ مال میں کلریکل پوسٹ کا ملازم تھے ان کا مقصد بھی پیسہ ہی بنانا تھا

بے شک باپ نے شہر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم دلوا کر افسر تو بنوا دیا لیکن تربیت نہ کرسکے یہی وجہ ہے کہ تمیز اور انسانی ہمدردی نام کی لفظ بھی ان کے دل و دماغ میں نہیں ہے حتیٰ کہ والدین کے اداب کے بارے میں واقفیت حاصل نہ کر سکے وہ ماں جس نے ان کو پالا پوسا جب اس کی خدمت کا موقع آیا وہ انہیں بھول بیٹھا۔ خدمت کرکے مرادیں اور دعائیں حاصل نہ کرسکے والدہ کی بیماری اور ہسپتال داخلے کی اطلاع تو سنی ان سنی کردی۔ وقت نہ ملا کہ ان کی تیمارداری کرسکے ان سے آخری ملاقات کرلے۔

انتقال پر جنازہ میں کندھا دینے کے بعد اگلے دن ہی واپس آکر مال بناؤ مشن میں مشغول ہوگئے میں ان کی باتوں سے انتہائی رنجیدہ اور افسردہ ہوتا جارہا تھا تو دوست بولے بھائی آگے بھی سنیں کہ جیسے بو گے ایسے ہی کاٹو گے میں نے کہا کیا مطلب‘ کہنے لگے کہ چند ماہ قبل ان کو اللہ تعالی نے اولاد نرینہ سے نوازا لیکن وہ پیدائشی ہی معذور ہے جس کے علاج کے لیے مہنگے سے مہنگے ہسپتالوں میں بھاگے پھر رہا ہے لاکھوں کے اخراجات کے باوجو د ڈاکٹروں نے معذوری سے نارمل زندگی کے آثار کو ناممکن قراردیا ہے اب وہ لاکھوں بلکہ کروڑوں بھی کما لے لیکن بیٹے کی معذوری کبھی بھی نارمل زندگی میں تبدیل نہیں ہوسکتی

دوست نے کہا کہ میں اسے قبل جن صاحب کے ساتھ تھا وہ انتہائی ملنسار اور قدردان انسان تھے اپنی نوکری کو حقیقی معنوں میں عوام کا خادم سمجھ کر ادا کرتے تھے ایسا لگتا تھا انسانیت کی خدمت کا مشن ان میں کوٹ کوٹ کر بھر ا ہوا تھا ان کو ریٹائر ہوئے دس سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن آج بھی ان کا ماتحت عملہ اچھے لفظوں میں یاد کرتا ہے ان کا قدردان ہے آج ان کی اولاد بھی اہم عہدوں پر فائز ہوکر اپنے والد کے نقشہ قدم پہ رواں دواں ہے

ایک اچھے افسر کے حالات زندگی کا سن کر میرے دل میں روحانی خوشی ہوئی اور اس نتیجہ پر پہنچا کہ انسان میں انسانیت اعلیٰ تعلیم اور نصابی کتابیں پرھنے سے پیدا نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے ایک اچھی تربیت گاہ کی بھی ضرورت ہوتی ہے اچھی تربیت حلال کے کمائی والوں کو ہی نصیب ہوتی ہے

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں