افکارِ تفاخر از پروفیسر تفاخر محمود گوندل صاحب

محترم پروفیسر تفاخر محمود گوندل کا اسمِ گرامی جس قدر منفرد، دل آویز اور وقار و افتخار کا مظہر ہے، اسی طرح ان کی شاہکار تصنیف ’’افکارِ تفاخر‘‘ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ یہ محض ایک کتاب نہیں بل کہ فکر و دانش، شعور و بصیرت اور علم و حکمت کا ایک ایسا روشن مینار ہے جس کی تابندہ کرنیں قاری کے قلب و نظر کو منور کر دیتی ہیں۔اس کے اوراق پر بکھرے ہوئے افکار و خیالات محض الفاظ کا حسین امتزاج نہیں بل کہ زندگی کے نشیب و فراز میں رہنمائی فراہم کرنے والے ایسے چراغ ہیں جو قاری کے دل و دماغ کو علم، حکمت اور آگہی کی روشنی سے معمور کر دیتے ہیں۔

’’افکارِ تفاخر‘‘ دراصل مصنف کے پاکیزۂ افکار، سوزِ دروں، دینی بصیرت اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا ایک دل آویز اور روح پرور آئینہ ہے، جس میں ان کی شخصیت کے علمی، فکری اور روحانی پہلو پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر نظر آتے ہیں۔ یہ کتاب قاری کو محض مطالعے کی لذت سے آشنا نہیں کرتی بل کہ اس کے قلب و ذہن پر ایسے خوش گوار، بامعنی اور دیرپا نقوش ثبت کرتی ہے جو مدتوں محو نہیں ہوتے، بل کہ گز رے وقت کے ساتھ مزید گہرے، روشن اور مؤثر ہوتے چلے جاتے ہیں۔

اردو ادب اور فکری روایت میں جب حکمت، دانائی اور دلوں کو منور کرنے والے افکار کا تذکرہ ہوتا ہے تو عصرِ حاضر میں بے اختیار حضرت واصف علی واصفؒ کا نام ذہن میں ابھرتا ہے، جن کے مختصر مگر معنی آفریں اقوال نے لاکھوں دلوں کو فکر و عرفان کی نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔ واصف علی واصفؒ نے اپنے منفرد اسلوب، فکری گہرائی اور روحانی بصیرت کے ذریعے اقوالِ زریں کو محض الفاظ کا مجموعہ نہیں رہنے دیا، بل کہ انہیں دلوں کی بیداری، ذہنوں کی تطہیر اور روحوں کی آبیاری کا ایک مؤثر وسیلہ بنا دیا۔

اسی روشن فکری و ادبی روایت میں جنابِ تفاخر کی کاوش ’’افکارِ تفاخر ‘‘ ایک خوب صورت اور قابلِ قدر کڑی کے طور پر سامنے آتی ہے۔ اگرچہ ہر صاحبِ قلم کا اپنا جداگانہ اسلوب، فکری مزاج اور اظہار کا منفرد رنگ ہوتا ہے، تاہم یہ امر مسلہد ہے کہ جس طرح حضرت واصف علی واصفؒ نے اپنے افکار کے ذریعے دلوں میں روشنی کے چراغ فروزاں کیے، اسی طرح جنابِ تفاخر نے بھی اپنے ایمان افروز خیالات، دینی بصیرت اور محبتِ رسول ﷺ سے معطر اقوال کے ذریعے قارئین کے قلوب و اذہان کو خیر، محبت اور فکری روشنی سے آشنا کرنے کی مخلصانہ اور کامیاب سعی کی ہے۔

افکارِ تفاخر حقیقت میں صاحبِ دل قلم کار جنابِ تفاخر کی فکری و روحانی واردات کا ایک نہایت حسین اور دل آویز آئینہ ہے، جس کے صفحات پر بکھرے ہوئے افکار قاری کو معرفتِ الٰہی، عشقِ مصطفیٰ ﷺ، محبتِ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور حسنِ اخلاق کی اُن روشن اور نجات بخش راہوں کی جانب نہایت مؤثر انداز میں متوجہ کرتے ہیں جو انسان کی دنیا و آخرت دونوں کی فلاح و کامرانی کا ذریعہ بنتی ہیں اور یہ اعتراف کرنے میں مجھے ذرّہ برابر تردد نہیں کہ افکارِ تفاخرمحض اقوالِ زریں یا حکمت آمیز جملوں کا مجموعہ نہیں، بل کہ ایک ایسا روح پرور، ایمان افروز اور دل نواز گلدستہ ہے جس میں عقیدۂ توحید کی مہک، عشقِ رسول ﷺ کی حرارت، محبتِ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی چاشنی، اتباعِ سنت کی روشنی، اخلاقِ حسنہ کی لطافت اور دینی شعور کی تازگی کو نہایت حسنِ ترتیب، سلیقہ مندی اور دل کش انداز میں سمو دیا گیا ہے، یہاں تک کہ قاری کا دل خود بخود خیر، محبت اور یقین کی ایک خوش گوار فضا میں ڈھلتا چلا جاتا ہے۔

افکارِ تفاخرمیں بالخصوص عقیدۂ توحید اور محبتِ رسالت ﷺ کے حوالے سے پیش کیے گئے افکار نہایت ایمان افروز اور روح پرور ہیں۔ یہ افکار دل میں اللہ تعالیٰ کی عظمت و کبریائی کا احساس تازہ کرتے ہیں اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ سے تعلقِ محبت و عقیدت کو مزید استحکام بخشتے ہیں۔ ان تحریروں کا مطالعہ قاری کے قلب و نظر کو اس انداز سے منور کرتا ہے کہ عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی شمع اور زیادہ فروزاں ہو جاتی ہے اور ایمان کو نئی حرارت، تازگی اور بالیدگی نصیب ہوتی ہے۔

افکار تفاخر میں صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی عظمت، ان کے بے مثال کردار اور ان سے محبت و وابستگی کے موضوعات کو جس محبت آمیز، مؤدبانہ اور مؤثر اسلوب میں بیان کیا گیا ہے، وہ قاری کے قلب میں ان نفوسِ قدسیہ کے لیے احترام، عقیدت اور محبت کے جذبات کو مزید گہرا اور راسخ کر دیتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے گویا مصنف اپنے قلم کے ذریعے محبتِ صحابہؓ کے خوش رنگ اور معطر پھول دلوں کی سرزمین میں نہایت اخلاص کے ساتھ کاشت کر رہے ہوں ، جو وقت گزرنے کے ساتھ ایمان، محبت اور عقیدت کی صورت میں نشوونما پاتے اور اپنی خوشبو سے دلوں کو معطر کرتے رہیں گے۔

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ افکارِ تفاخر میں جنابِ تفاخر نے اپنے فکرِ رسا، قلمِ سحر طراز اور جذبۂ اخلاص کے ذریعے علم و ادب کے گلشن میں ایک ایسا نادر، خوش رنگ اور خوشبو بکھیرنے والا پھول کھلایا ہے، جس کی مہک اہلِ ذوق کے مشامِ جاں کو مدتوں معطر کرتی رہے گی۔ ان کے افکار نہ صرف قلوب کو حرارتِ ایمان سے آشنا کرتے ہیں بل کہ قاری کا ہاتھ تھام کر اسے خیر، محبت، معرفت اور سعادت کی منزلوں کی جانب نہایت دل نشیں اور مؤثر انداز میں رہنمائی بھی فراہم کرتے ہیں۔

جنابِ تفاخر اپنی اس گراں قدر اور ایمان افروز کاوش پر بجا طور پر خراجِ تحسین، تہنیت اور دعاؤں کے مستحق ہیں۔ انہوں نے اپنے فکر و قلم کی تمام تر صلاحیتیں دینِ اسلام کی حقانیت کو اجاگر کرنے، محبتِ رسولِ اکرم ﷺ کے چراغ فروزاں کرنے اور سلفِ صالحین کے تابندہ کردار اور عظمت کو عام کرنے کے لیے وقف کر رکھی ہیں۔ یہ ایک ایسی عظیم سعادت ہے جو ہر صاحبِ قلم کے حصے میں نہیں آتی، بل کہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم کا مظہر ہوتی ہے، جس سے وہ اپنے منتخب بندوں کو نوازتا ہے۔

مجھے کامل یقین اور واثق امید ہے کہ آپ کی دیگر علمی، فکری اور ادبی کاوشوں کی طرح ’’افکارِ تفاخر‘‘ بھی علم و ادب کے افق پر اپنی منفرد اور ممتاز شناخت قائم کرے گی اور اہلِ علم، اہلِ ذوق اور صاحبانِ فکر کے حلقوں میں بھرپور پذیرائی حاصل کرے گی۔ اس کتاب کے صفحات میں سموئے ہوئے اخلاص، دینی شعور، محبتِ رسول ﷺ اور فکری بصیرت کے چراغ یقیناً بے شمار دلوں کو منور کریں گے اور قارئین کے لیے رشد و ہدایت، اصلاحِ احوال اور فکری بالیدگی کا مؤثر وسیلہ ثابت ہوں گے۔

بارگاہِ ربِ ذوالجلال میں دست بہ دعا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس مبارک کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اسے قارئین کے لیے ہدایت، اصلاحِ احوال، تزکیۂ نفس اور ایمان و یقین میں اضافہ کا مؤثر ذریعہ بنائے۔ ربِ کریم مصنفِ محترم کے علم میں وسعت، فکر میں گہرائی، قلم میں تاثیر اور اخلاص میں مزید برکتیں عطا فرمائے، ان کی علمی و ادبی خدمات کو اپنی بارگاہِ اقدس میں قبول فرمائے اور انہیں دین، علم اور ادب کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین یا رب العالمین۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.