(پنڈی پوسٹ نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت ہفتے میں 600 روپے کا پیٹرول خریدنے والے صارف کو صرف 100 روپے ادا کرنا ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے شروع کی گئی فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور عالمی سطح پر کشیدگی کے باعث مختلف ممالک معاشی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کی تیاری میں متعلقہ محکموں اور آئی ٹی شعبے کو بھی شامل کیا گیا، جبکہ عوام اور میڈیا کی جانب سے اسکیم پر مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔عطا اللہ تارڑ کے مطابق عوامی مطالبے پر موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے اسکیم کی مدت میں توسیع کی گئی، جبکہ ایس ایم ایس چارجز بھی ختم کرکے سروس مفت کردی گئی ہے۔ موٹر سائیکلوں کے لیے پہلے پانچ لیٹر پیٹرول کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے ہفتہ وار 500 روپے کی رعایت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت 600 روپے کا پیٹرول خریدنے والے صارف کو 100 روپے ادا کرنا ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ یہ سہولت پورے پاکستان کے عوام کو حاصل ہوگی اور تمام پیٹرول پمپس سے فائدہ اٹھایا جاسکے گا، اب تک 22 لاکھ افراد اسکیم میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جن میں 92 فیصد موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی مالکان شامل ہیں۔