70

گول گپے

یہ گلی محلوں کے کھانوں کے طور پر بیحد مقبول ہے جب کہ آجکل اسے ریستورانوں کے کھانوں کی فہرست میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ ایک گو ل پھولکی بنائی جاتی ہے جس میں کھٹا پانی، چنے اور دہی بھلے شامل کر کے کھایا جاتا ہے۔ اس کا کھٹا پانی سب ہی بہت شوق سے پیتے ہیں‘جو کھٹا ہونے کے ساتھ ساتھ تیکھا بھی ہوتا ہے۔ گول گپوں کی سجاوٹ بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ ایک پلیٹ میں گول گپوں میں سوراخ کر کے بھلیوں یا چنے کو بھرا جاتا ہے۔ کئی لوگ اس میں انار کے دانے، مکئی، آلو اور مختلف سبزیاں بھی شامل کر کے کھاتے ہیں۔ گھر میں پانی پوری بنانے کی آسان ترکیب قارئین کی نذر ہے۔ کھٹے پانی کیلئے:پودینہ: ایک کپ‘ہری مرچ: دو سے چار عددیا حسب ذائقہ‘لیموں کا جوس: تین چمچ‘چینی: ایک چمچ‘نمک: ایک چمچ‘کالا نمک: ایک چمچ‘ادرک پاؤ ڈر: ایک چوتھائی چمچ‘ہینگ: ایک چوتھائی چمچ‘زیرہ پاؤڈر: ایک چمچ‘کالی مرچ: آدھا چمچ‘پانی: چار کپ‘پوری کے لئے:میدہ: ایک چوتھائی کپ‘سوجی: تین چوتھائی کپ‘پانی:آدھا کپ‘تیل: فرائی کرنے کیلئے‘فلنگ کیلئے:آلو اُبلے ہوئے: ایک کپ‘بوندی: دو کپ‘گول گپے کی ترکیب۔سب سے پہلے سوجی اور میدہ مکس کرلیں۔ پھر حسبِ ضرورت پانی شامل کرتے رہیں اور اسے اچھی طرح گوندھ لیں۔ اب اسے گیلے کپڑے سے دس منٹ کیلئے ڈھانپ دیں۔ دو صاف تولیے لے کر ایک کو شیٹ پر یا کسی ہموار سطح پر بچھا دیں۔ ڈو کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور انہیں کپڑے سے ڈھانپ دیں۔ ہر پیڑے کو دو انچ کے قطر والے دائرے میں رول کریں۔ اب انہیں ایک تولیے پر رکھ کر دوسرے سے ڈھانپ دیں۔ یہی عمل تمام گول گپوں کے ساتھ دہرائیں۔اس کے بعد درمیانی آنچ پر تیل گرم کریں۔ تیل کی مقدار فرائنگ پین میں ڈیڑھ انچ تک ہونی چاہیے۔ گرم گرم تیل میں ڈو کا ایک ٹکڑا ڈالیں‘ اگر تیل پوری طرح تلنے کیلئے تیار ہوجائے تو گول گپے تلنا شروع کردیں اور گولڈن براؤن ہونے تک تَل لیں۔ جب ان کی رنگت گولڈن براؤن ہو جائے تو انہیں پیپر ٹاول پر نکالتے جائیں۔ اس طرح سے ان کا تیل پیپر میں جذب ہوتا رہے گا۔ گوپ گپوں کو فرائنگ پین سے نکالتے وقت اچھی جھٹک لیں تاکہ تیل نکل جائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں