وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (حذیفہ اشرف) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور خطے کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر 1947 وہ دن ہے جب گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے غیر معمولی جرات اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈوگرہ راج کی غلامی کا خاتمہ کیا اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر کے تاریخ رقم کی۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیاں اور حب الوطنی پاکستان کی قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ان شہداء اور مجاہدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی خوشحالی، روزگار، تعلیم اور سیاحت کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ توانائی، انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبے نہ صرف خطے کے معیارِ زندگی کو بلند کریں گے بلکہ قومی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کریں گے۔