734

کوہسار یونیورسٹی میں دو روزہ فیسٹیول

کوہسار یونیورسٹی مری کے زیراہتمام دو روزہ سپرنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا فیسٹیول میں طلبہ اور سٹاف کی جانب سے مختلف سٹالز لگائے گئے۔ فیسٹیول کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جاوید اختر محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف آف کمیشن امریکن ایمبیسی اینڈریو جیمز شافر‘ لارنس کالج کے پرنسپل برگیڈئیر (ر) مجاہد عالم اور نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے ڈائریکٹر پرویز عباسی سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں طلبہ اور سٹاف کی جانب سے مختلف سٹالز لگائے گئے۔ ان سٹالز میں دیسی پکوان، روایتی کلچر، آرٹ کی نمائش، لیب ٹیسٹنگ، فزکس کے جدید پراجیکٹس کی نمائش، پودوں کی نمائش اور گیمنگ زون شامل تھے اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ نے آرٹس کونسل مری کے اشتراک سے مختلف علاقائی اور تاریخی ڈرامے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ علاقائی اور تاریخ ڈراموں میں پاکستان کی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا، فیسٹیول کے دوران پنجابی کے معروف لوک گلوکار فضل عباس جٹ نے علاقائی موسیقی پر مبنی اپنی بہترین پرفارمنس پیش کر کے شرکا کو محظوظ کیا۔ فیسٹیول میں طلبہ نے روایتی علاقائی رقص بھی پیش کیا جس سے حاضرین خوب لطف اندوز ہوئے فیسٹیول کے دوران بیت بازی کے مقابلے اور آرٹ کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر ذاکر اللہ کرنل اقبال تاج اور سینیئر سیشن جج جہانگیر بخاری نے بطورِ مہمان شرکت کرکے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ فیسٹیول کے اختتام پر وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی مری پروفیسر ڈاکٹر حبیب علی بخاری نے آرگنائزرز کی خدمات کو سراہا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد سیاحت اور ثقافت کا فروغ اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کی انڈسٹری بہت پوٹینشل ہے ہم سیاحتی مقامات پر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر کے ریونیو حاصل کر سکتے ہیں انھوں نے قدرتی مقامات کو اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام قرار دیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں