کلر سیداں کے نواحی گاؤں میرا سنگال میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص شدید زخمی

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کے نواحی گاؤں میرا سنگال میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، جبکہ تھانہ کلر سیداں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق نزاکت حسین ولد لیاقت علی سکنہ میرا سنگال نے مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ کلر سیداں بازار میں ٹرنک سازی کا کام کرتا ہے۔ گزشتہ شام اپنے دوست محمد اسلام کے کہنے پر تندور سے روٹیاں لے کر اس کے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں منان ولد لیاقت حسین نے اسے روک لیا۔ مدعی کے مطابق ملزم نے تلخ کلامی کے دوران مبینہ طور پر ہوائی فائر کیے، جس پر وہ موٹر سائیکل بھگا کر دوست کے گھر پہنچ گیا۔کچھ دیر بعد ملزم وہاں بھی پہنچ گیا، گالم گلوچ کی اور مبینہ طور پر پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مدعی کے ہاتھ، ٹانگ اور جسم کے دیگر حصوں پر گولیاں لگیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ ملزم نے زخمی حالت میں بھی پستول کے بٹ سے حملہ کیا اور موقع پر موجود افراد کو دیکھ کر دھمکیاں دیتا ہوا فرار ہو گیا۔مدعی نے پولیس کو بتایا کہ چند ماہ قبل ملزم اور اس کے کزن کے درمیان فائرنگ کے ایک واقعہ میں اس نے صلح کرائی تھی اور اسی رنجش پر اس پر حملہ کیا گیا۔تھانہ کلر سیداں پولیس نے مدعی کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔