پی ٹی وی کے پوٹھوہار ی اداکار

پی ٹی وی اسلام آباد سنٹر کے پوٹھوہاری فنکاروں کی بات کریں تو اولیت کا تاج طارق بٹ کے سرہی سجتا ہے،کیونکہ پی ٹی وی پر1991میں ٹیلی کاسٹ ہونیوالے پہلے پوٹھوہاری ڈرامہ سیریل ”پیا گھر آیا“میں مرکزی کردار طارق بٹ نے ہی ادا کیا پھر ڈرامہ سیریل”اُچے بوہے“ اور”نیلی دھار“ میں بھی انہوں نے اداکاری کی۔1992 -93میں جب ”سانجھاں“ پروگرام کا نام تبدیل کر کے ”سواں رنگ“رکھا گیا تو اسکے لکھاری ومیزبان بھی طارق بٹ تھے اور انکے ساتھ معاون میزبان نازو شکور تھیں،نازو شکور ٹیبل ٹینس کی قومی اور انکی بہن نازلی شکور ٹیبل ٹینس کی انٹرنیشنل کھلاڑی تھیں،یہ پروگرام مسلسل تین سہ ماہیاں چلتارہا۔طارق بٹ 1981میں پہلی بار چکلالہ میں پی ٹی وی کے پروگرام سانجھاں میں شریک ہوئے،طارق بٹ نے بعد ازاں برطانیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈی ایم ڈیجیٹل ٹی وی مانچسٹر یوکے سے ”اساں ناں کشمیر“کے نام سے پروگرام شروع کیا جس میں پوٹھوہار اور آزاد کشمیر کی اہم شخصیات کے انٹرویوز وغیرہ نشر ہوتے تھے۔
پوٹھوہاری کے پہلے تینوں ڈرامہ سیریلز ”پیا گھر آیا“،”اُچے بوہے“ اور”نیلی دھار“ میں نرگس رشید نے بھی مرکزی کردار ادا کیے تھے،نرگس رشید کا بنیادی طور پر تعلق کشمیر سے ہے،انہوں نے پوٹھوہاری کردار بخوبی نبھائے ہیں، سنیئر اداکارہ نرگس رشید آج کل ریڈیو پر اردو کمپیئرنگ کرتی ہیں۔سٹیج ڈراموں میں پوٹھوہاری بولنے والا پہلا مستند اداکار حمید بابر(ساگری)تھا،اس سے قبل رفعت علی قیصر،شہباز مغل آف چہاری اورعرفان بیگ(مندرہ) سٹیج ڈراموں میں ایک آدھ انٹری والا کردارادا کرتے تھے،حمید بابر نے آکرصرف ایک آدھ انٹری کی بجائے پورا پورا ڈرامہ ہی پوٹھوہاری میں بولنا شروع کردیا۔حمید بابر کو2002میں پی ٹی وی پر ارشد چہال کے پوٹھوہاری ڈرامہ سیریل ”پلیار“سے بھی کئی سال پہلے 1993میں ڈرامہ سیریل”اُچے بوہے“میں اداکاری کا موقع مل چکا تھا۔
پی ٹی وی اور نجی سیکٹر کی پوٹھوہاری ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے چند بڑے ناموں میں طارق ملک بھی شامل تھے،طارق ملک جیسا ورسٹائل اداکار صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے،طارق ملک نے ریڈیو سمیٹ پی ٹی وی پر بھی اداکاری کے جوہر دکھائے،ڈرامہ سیریل ”اُچے بوہے“میں طارق ملک کا بھی اہم کردار تھا،طارق ملک جی ٹی ایس میں ملازمت بھی کرتے رہے،بعد ازاں نوکری چھوڑ دی۔پیپلز پارٹی راولپنڈی کے مرکزی رہنماء حیال اڈیالہ والے سید ذاکر حسین شاہ مرحوم کے چھوٹے بھائی سید جعفر حسین شاہ ایڈووکیٹ اورانکے چچا زاد بھائی سید مرید عباس بخاری اور بشریٰ انصاری کے موجودہ اور فرح حسین کے سابق شوہر اقبال حسین بٹ نے اپنے فنکاری کے کیرئیر کا آغاز ایک ساتھ کیا تھا،جعفر شاہ نے پہلے پوٹھوہاری ڈرامہ سیریل میں ایک چھوٹا سا کردار نبھایا تھا،بعدمیں وکالت کی طرف آگئے۔ اعجاز بیگ(سٹیٹ بینک راولپنڈی میں ملازمت بھی کرتے رہے)،جان ریمبو،شبیر مرزا(جھنڈا چیچی)،سجاد کشور،شاہدقیوم مغل (کلرسیداں)،سی ڈی اے پاشا یونین کے مرحوم قائد فرحت کمال پاشا کے قریبی عزیز ہیں،شاہدقیوم مغل خود بھی سی ڈی اے سے ریٹائر ہوئے ہیں) خان محمد رانا المعروف کے ایم رانا(راولپنڈی)،انجم ملک (راولپنڈی)،انجم حبیبی(سٹیٹ بینک اسلام آباد میں ملازمت کرتے رہے)،زینت عباسی (راولپنڈی)،غزالہ بٹ، عفت چوہدری (راولپنڈی)،شہناز خان،حمید بابر(ساگری)،شہزادہ غفار (گلستان کالونی راولپنڈی)،ارشد منہاس لوہدرہ، افضال لطیفی(چکوال)،امجد چوہدری (راولپنڈی) بھی نامورپوٹھوہاری اداکاروں میں شامل تھے۔