83

پنجاب میں قیدیوں کیلئے آرام دہ گاڑیاں تیار

لاہور(نیٹ نیوز)بزدار حکومت قیدیوں سے غیر انسانی سلوک کے خاتمے اورانہیں بنیادی سہولتیں دینے کیلئے سرگرم۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر پولیس پریزن وین میں قیدیوں کے بیٹھنے کیلئے آرام دہ سیٹیں لگانے اور وین کو ہوادار بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیاگیاہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں تیار کی جانیوالی پہلی پولیس پریزن وین کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس پریزن وین میں قیدیوں کیلئے بیٹھنے اور قیدیوں کیلئے ہواکی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔تیار کی جانے والی پولیس پریزن وین میں لکڑی کی سیٹوں کی جگہ فوم کی آرام دہ نشستیں لگائی گئی ہیں جبکہ پولیس پریزن وین میں ہواکیلئے ایگزاسٹ فین لگائے گئے ہیں۔وین میں پولیس اہلکاروں کیلئے بھی پنکھے لگائے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاکہنا ہے کہ پنجاب بھر میں 300پولیس پریزن وین میں آرام دہ سیٹیں لگائی جائیں گی۔300پولیس پریزن وین کو ہوا دار بنانے کیلئے ایگزاسٹ بھی لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 72نئی پولیس پریزن وین خریدنے کی منظوری دے دی ہے اوران وین کی خریداری پر 95کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔نئی وین میں آرام دہ سیٹیں اورایگزاسٹ موجود ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قیدی بھی انسان ہیں اوروہ بنیادی سہولتوں کے حقدار ہیں۔قیدی وین میں جن حالات سے گزرتے ہیں وہ ناقابل بیان ہے۔ہمارے ا س اقدام سے قیدیوں کو بنیادی سہولتیں ملیں گی۔ایس ایس پی موٹرٹرانسپورٹ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تیار کی جانیوالی پہلی پولیس پریزن وین میں فراہم کی جانیوالی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں