راولپنڈی ( شہزاد بھٹی ) پنجابی ادبی و ثقافتی تنظیم دل دریا پاکستان کے زیر اہتمام گیارہواں ایوارڈ اکٹھ راولپنڈی آرٹس کونسل میں بھرپور ادبی و ثقافتی جوش و خروش سے منعقد ہوا۔
تقریب کو چار اہم مراحل میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں ممتاز مقررین نے پنجابی زبان و ادب کی موجودہ صورت حال اور اس کے فروغ کے امکانات پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین جن میں ڈاکٹر عامر ظہیر بھٹی اور ڈاکٹر منتظہر مہدی (نمل یورنیورسٹی)نے پنجابی ادب میں ہونے والی پیش رفت، جدید رجحانات، اور نوجوان نسل کی دلچسپی کو موضوعِ سخن بنایا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
دوسرے مرحلے میں پنجابی زبان و ادب میں شائع ہونے والی ممتاز کتابوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے منتخب مصنفین کو مختلف شعبوں میں اعزازی ایوارڈز دیے گئے۔ یہ ایوارڈز نہ صرف ادبی خدمات کا اعتراف تھے بلکہ پنجابی تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی بنے۔
تیسرے مرحلے میں ایک رنگا رنگ پنجابی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے معروف و نوآموز شعراء نے شرکت کی۔ حاضرین محفل نے شعراء کے عمدہ کلام کو دل کھول کر داد دی اور مشاعرے کا ماحول دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔
رنگا رنگ پروگرام کے اختتامی مرحلے میں محفلِ موسیقی کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف گائیک اسد پیارے خان نے پنجابی عارفانہ کلام، غزل اور متفرق کلام گا کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور پنجابی ثقافت کے رنگ بکھیرے۔
اس تقریب میں پنجاب بھر خصوصا پنڈی ڈویژن سے پنجابیوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یہ تقریب نہ صرف پنجابی زبان و ادب سے وابستہ افراد کے لیے ایک یادگار موقع ثابت ہوئی بلکہ اس نے پنجابی ثقافت کے فروغ میں “دل دریا پاکستان” کے کردار کو مزید نمایاں کر دیا۔