پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مارشل آرٹسٹ راشد نسیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے دنیا کے تیز ترین باکسنگ پنچ مارنے والے کھلاڑی کا عالمی ریکارڈ قائم کر کے نہ صرف انگلینڈ کے جوشے لییالا کو شکست دی بلکہ پاکستان کے لیے 154 واں عالمی ریکارڈ فلسطین کے نام کر دیا۔راشد نسیم نے ایک منٹ میں 386 مرتبہ باکسنگ پنچز سے ٹارگٹ کو ہٹ کر کے جوشے لییالا کے سابقہ ریکارڈ 374 پنچز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس کامیابی کی آفیشل تصدیق کر دی ہے اور ریکارڈ کو اپنی ویب سائٹ پر بھی اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔یہ راشد نسیم کا انفرادی طور پر 129 واں عالمی ریکارڈ ہے جبکہ ان کی مارشل آرٹس اکیڈمی “بنیان المرصوص” پاکستان میں سب سے زیادہ عالمی ریکارڈز بنانے والی اکیڈمی بن گئی ہے جہاں اب تک 150 ریکارڈز قائم کیے جا چکے ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے حال ہی میں ان کے مزید 3 ریکارڈز کی بھی منظوری دی ہے۔راشد نسیم دنیا میں سب سے زیادہ پنچ کیٹیگری میں عالمی ریکارڈ بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایک گھنٹے میں 32,686 پنچز کا اور ایک گھنٹے میں ایک کلو وزن کے ساتھ 24,000 سے زائد پنچز ٹارگٹ پر مارنے کا ریکارڈ قائم کیا۔
