عرفات منہاس پاکستان کرکٹ کا روشن مستقبل ہیں، شعیب اختر
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عرفات منہاس نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ ان کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوا ہے۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ عرفات منہاس ایک غیر معمولی ٹیلنٹ کے حامل کھلاڑی ہیں اور اگر انہیں مناسب کوچنگ، رہنمائی اور مسلسل مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عرفات منہاس میں وہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ اکیلے اپنے کھیل کے ذریعے کسی بھی مضبوط حریف ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔ شعیب اختر کے مطابق عرفات کے کھیل میں سابق کپتان شاہد آفریدی کی جھلک بھی نظر آتی ہے، جو ان کی جارحانہ اور مثبت کرکٹ کا مظہر ہے۔
کرکٹ حلقوں کا بھی ماننا ہے کہ عرفات منہاس پاکستان کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں شامل ہیں اور آنے والے برسوں میں قومی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔