صدر آصف علی زرداری کی توپ مانکیالہ آمد۔ میجر حمزہ  اسرار شہید کی قبر پرحاضری 124

صدر آصف علی زرداری کی توپ مانکیالہ آمد۔ میجر حمزہ اسرار شہید کی قبر پرحاضری

ساگری (زاہد نقیبی آصف شاہ نمائندگان پنڈی پوسٹ)
صدر آصف علی زرادری اور سابق وزیراعظم و سپیکر اور ایم این اے راجہ پرویز اشرف نے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے اپنے حلقہ گوجرخان کی یونین کونسل ساگری کے گاؤں توپ مانکیالہ سے تعلق رکھنے والے شہید میجر حمزہ اسرار کی قبر پر حاضری دی،

انہوں نے میجر حمزہ اسرار شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور میجر حمزہ شہید کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اس قبل پرویز اشرف میجر حمزہ اسرار شہید کے گھر گئے اور شہید حمزہ کے والد اور والدہ سے ملاقات کی اور انکے بہادر بیٹے کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجر حمزہ اسرار شہید نے جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی ہے ان کی قربانی کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،

صدر آصف علی زرداری شہید میجر حمزہ اسرار کے والد محترم اور بھائی سے اظہار تعزیت کررہے ہیں

انہوں نے شہید کے والدین اور بھائیوں سے کہا کہ غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں وہ انکے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین جانی اور پہچانی جاتی ہے اس خطے کے جری سپوتوں نے ہمیشہ ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں،

شہید میجر حمزہ اسرار کی والدہ نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، میرے بیٹے نے بہادری کی لازوال داستان رقم کر کے مجھ سمیت پوری قوم اور علاقے کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میجر حمزہ اسرار شہید کی والدہ کے جذبے اور ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں میجر حمزہ اسرار کی ماں کے عظیم جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں،

انہوں نے کہا کہ ایسی عظیم ماؤں کے جذبے کی وجہ سے ملک کا دفاع اور سلامتی قائم ہے، راجہ پرویز اشرف نے اللہ تعالیٰ سے میجر حمزہ اسرار شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی، اس موقع پر انکے بیٹے بیرسٹر شاہ رخ راجہ، چوہدری تصور، راجہ تفسیر اور قاسم کیانی بھی انکے ہمراہ تھے

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں