شاہ باغ: حاجی مارکیٹ میں سیوریج کے نظام کی بہتری کیلئے اہم میٹنگ

شاہ باغ (نمائندہ پنڈی پوسٹ)شاہ باغ کے گاؤں حاجی مارکیٹ میں سیوریج کے ناقص نظام کو بہتر بنانے اور اہلِ علاقہ کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ چوہدری حاجی رمضان صاحب کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں ڈیرہ خالصہ سے چوہدری جاوید اقبال جاوید، راجہ افتخار ملنگی، راجہ لطیف اور راجہ سہیل صابر نے خصو صی شرکت کی۔

میٹنگ میں حاجی مارکیٹ سے راجہ صوفی لیاقت، حافظ ناصر،حاجی شفیق ،محمد قربان، میڈیا پرسن چوہدری عثمان سمیت دیگر معززینِ علاقہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر علاقے میں سیوریج کے ناقص انتظام اور راستے میں کھڑے گندے پانی کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔شرکاء نے بتایا کہ راستے میں گندا پانی کھڑا رہنے سے اہلِ علاقہ کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ نمازی حضرات خصوصاً مسجد جاتے ہوئے کپڑے گندے ہونے کے باعث پریشانی کا شکار ہوتے ہیں۔

میٹنگ کے دوران چوہدری جاوید اقبال جاوید اور راجہ لطیف نے سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کے بنیادی مسائل کو اپنی مدد آپ کے تحت حل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔اہلِ علاقہ نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے سیوریج کا مسئلہ جلد حل ہوگا اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔