132

سیکورٹی خدشات کی بنا پرپاکستان ‘نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخ

اسلام آباد (نیٹ نیوز)نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر نیوزی لینڈ نے دورہ پاکستان ختم کردیا، سیریز ملتوی پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آج اچانک آگاہ کیا کہ انہیں سکیورٹی الرٹ موصول ہوا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی سی بی کاکہنا ہے کہ وہ دورہ شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا خواہاں ہے تاہم نیوزی لینڈ کے اس اچانک یکطرفہ فیصلے سے کرکٹ شائقین کو مایوسی ہوئی ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کے سبب اسٹیڈیم آنے سے منع کیاجس کے بعد میچ منسوخ کیا گیا سکیورٹی حکام، پی سی بی نےکئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کو قائل کرنےکی کوشش کی لیکن نیوزی لینڈ ٹیم کو منانے کی کوششیں ناکام رہیں۔اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے خود نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے بھی بات کی اور انہیں سمجھایا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے، تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ ڈیوڈ وائٹ کاکہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی واپسی کے انتظامات کیےجا رہے ہیں، نیوزی لینڈ حکومت نے سیریز ختم کرنے کا فیصلہ سکیورٹی الرٹ کی بنیاد پر کیا، ہمارےلیے کھلاڑیوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، موجودہ حالات میں ہمارے پاس یہی آپشن تھا۔خیال رہے کہ 18سال بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے آئی تھی اور ٹیم کی آمد سے قبل نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں