اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)حکومت نے 16 ستمبر سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا۔ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے، 50 فیصد مسافروں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جمعرات سے تعلیمی ادارے بھی کھول دیئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 24 میں سے 18 اضلاع میں کورونا صورتحال میں بہتری آئی ہے، 6 اضلاع میں 22 ستمبر تک بندشیں قائم رہیں گی، ان اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارک اور جم مکمل ویکسینیٹڈ افراد کیلئے کھول دیئے جائیں گے، آؤٹ ڈور ڈائننگ کا ٹائم رات 12 بجے تک کر دیا گیا۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ مکمل ڈوز ویکسین نہ لگوانے پر 30 ستمبر کے بعد مختلف مقامات پر داخلے اور سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، کاروبار پر بندشیں نہیں لگا رہے مگر جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائی ان پر بندشیں لگائی جائیں گی، عوام کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ویکسین لگوائیں، حکومت 200 ارب روپے مالیت کی ویکسین فراہم کر رہی ہے، لوگوں کی آسانی کیلئے ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے، اسلام آباد کی 52 فیصد آبادی ویکسینیٹڈ ہوچکی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہو اور زندگی معمول پر آئے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کورونا مریضوں کا دباؤ ہے، کوشش ہے آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے، چند ہفتے کےدوران آکسیجن کی طلب میں اضافہ ہوا، کورونا صورتحال بہتر ہوئی ہے مگر خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، 5300 مریض اسپتالوں میں آکسیجن پر ہیں، لاپرواہی، ایس او پیز کو نظرانداز کرنا کورونا کیسز میں اضافے کا باعث بنا۔
118