تھانہ کلر سیداں پولیس نے گن پوائنٹ پر شہری سے رقم چھیننے والے آٹھ رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ کلر سیداں پولیس نے گن پوائنٹ پر شہری سے رقم چھیننے والے آٹھ رکنی گروہ کو گرفتار کر کے اہم کامیابی حاصل کر لی۔ پولیس کی مؤثر تفتیش اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں واردات کے دس روز بعد ملزمان سے گیارہ ہزار پانچ سو روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق چند روز قبل ایک شہری سے اسلحہ کی نوک پر رقم چھیننے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر ایس ایچ او کلر سیداں کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت شاہنواز عرف شانی برمی ولد گلزار حسین، فدا اقبال عرف لالی ولد گلزار حسین، فیصل گلزار ولد گلزار حسین، عمر زمان ولد ساجد شاہین (تمام سکنہ جسوالہ، تحصیل کلر سیداں)، سعید احمد سبحانی ولد جاوید اقبال (سکنہ سہوٹ حیال)، حسنین حیدر ولد ساجد محمود اور زین علی ولد شہزاد حسین (دونوں سکنہ چوآ خالصہ)، جبکہ ذاکر حسین قاضی ولد ابرار احمد قاضی (سکنہ سموٹ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔

تفتیش کے دوران پولیس نے ان کے قبضے سے مسروقہ رقم 11,500 روپے برآمد کر لی۔ اس کے علاوہ ملزم شاہنواز عرف شانی برمی سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا، جس پر اسلحہ رکھنے کے الزام میں الگ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے،ایس ایچ او کلر سیداں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گن پوائنٹ ڈکیتیوں اور دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔