والدین متحد ہوں تو اسکول بدلیں گے
ڈاکٹر عاطف افتخار
صبح کے سات بجے ہیں۔ کلر سیداں روڈ پر سوزوکیاں دوڑ رہی ہیں۔ ان کے پچھلے حصے میں ننھے منے بچے ایک دوسرے سے جڑ کر بیٹھے ہیں۔ کچھ کی آنکھوں میں ابھی نیند باقی ہے، کچھ لوہے کا ڈنڈا تھامے کھڑے ہیں اور سب کے کندھوں پر اپنے وزن سے بھاری بستے ہیں۔ ہر جھٹکے پر مائیں دل ہی دل میں دعا کرتی ہیں، مگر کوئی بہتر اور محفوظ سواری میسر ہی نہیں۔ دوپہر ڈھلے یہی بچے گھر لوٹتے ہیں، جلدی جلدی کچھ کھاتے ہیں اور پھر ایک اور بستہ اٹھا کر اکیڈمی کی طرف چل پڑتے ہیں۔ سورج ڈوبتا ہے تو ان کا دن ختم ہوتا ہے۔ ادھر ہم والدین مطمئن ہیں کہ ہم نے فیس ادا کر دی، اپنا فرض پورا کر دیا۔
کبھی ہم نے سوچا ہے کہ اس پورے دن میں ہمارا بچہ ہمارے ساتھ کتنا وقت گزارتا ہے؟
ساگری تحصیل راولپنڈی کا ایک اہم تاریخی قصبہ ہے۔ اس کے آس پاس توپ مانکیالہ، مانکیالہ اسٹیشن اور بے شمار قدیمی و تاریخی گاؤں آباد ہیں۔ کلر سیداں روڈ پر سردار مارکیٹ، جاوید اشرف پلازہ، مانکیالہ اسٹیشن بازار اور ڈی ایچ اے سیون کے علاوہ کئی بازار ہیں، اور قریب ہی شاہ باغ کا بڑا بازار بھی ہے۔ سردار مارکیٹ سے شاہ باغ تک اسی سڑک کے کنارے متعدد نجی اسکول قائم ہیں جن میں ایک بچے کی ماہانہ فیس کم و بیش چار ہزار روپے ہے۔
اب ذرا ان اسکولوں کے اندر جھانکیے۔ علاقے کے بیشتر نجی اسکولوں میں ریاضی، سائنس، کمپیوٹر اور زبانوں کے باقاعدہ ڈگری یافتہ اساتذہ نہ ہونے کے برابر ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ بچہ صبح اسکول میں پڑھتا ہے اور شام کو اکیڈمی میں کسی مضمون کے ماہر استاد سے وہی سبق دوبارہ سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ یعنی ہم ایک تعلیم کی دو فیسیں دیتے ہیں، اوپر سے سوزوکی کا کرایہ بھی، اور پھر بھی دل میں دھڑکا لگا رہتا ہے کہ بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔
آج کے والدین پڑھے لکھے ہیں، اس لیے میں ان سے ایک سیدھا سا سوال کرتا ہوں: کیا ان نجی اسکولوں سے زیادہ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ اساتذہ ہمارے سرکاری اسکولوں میں موجود نہیں؟ اگر ہیں، تو ہم اپنے بچے وہاں کیوں نہیں بھیجتے؟ سچ یہ ہے کہ معیاری تعلیم کا خواب چار ہزار تو کیا، دس ہزار روپے ماہانہ فیس سے بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، اگر اس کے پیچھے والدین کی توجہ نہ ہو۔
اور یہی اصل بات ہے۔ بچے کا سب سے بنیادی حق ہمارا وقت ہے۔ جب ہم یہ حق ادا نہیں کر پاتے تو خود کو یہ تسلی دیتے ہیں کہ چند ہزار روپے، ایک نجی اسکول اور ایک ٹیوشن اکیڈمی اس کمی کو پورا کر دیں گے۔ یہ محض خام خیالی ہے۔ فیس کی رسید بچے کے ساتھ بیٹھ کر اس کا دن نہیں سن سکتی، اس کی الجھن نہیں سمجھ سکتی، اس کے سر پر ہاتھ نہیں رکھ سکتی۔ ہم بچے کو نجی اسکول بھیج کر خود کو بری الذمہ سمجھ لیتے ہیں، حالانکہ ہم بری الذمہ نہیں ہوتے۔
سرکاری اسکولوں کے معاملے میں بھی ہم بری الذمہ نہیں۔ ان کی تنزلی کا ایک سبب حکومتوں کی مسلسل کمزور پڑتی ترجیحات ہیں، مگر دوسرا بڑا سبب پڑھے لکھے اور صاحبِ استطاعت والدین کی ان اسکولوں سے دوری ہے۔ ذرا تصور کیجیے، اگر تعلیم یافتہ والدین کے بچے سرکاری اسکولوں میں پڑھیں تو کیا وہاں معیار گر سکتا ہے؟ ایسے والدین پرنسپل سے ملتے ہیں، محکمۂ تعلیم کے افسران کے دروازے کھٹکھٹاتے ہیں اور ہر کمی پر سوال اٹھاتے ہیں۔ جہاں سوال پوچھنے والے ہوں، وہاں جواب دہی خود بخود پیدا ہو جاتی ہے۔
یہ تاثر بھی بڑی محنت سے پھیلایا گیا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں اچھی تعلیم نہیں دی جاتی۔ اس تاثر سے کس کو معاشی فائدہ پہنچتا ہے، اس کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ حقیقت یہ ہے کہ سرکاری اسکولوں میں قابل اور اہل اساتذہ موجود ہیں اور ان میں معیاری تعلیم دینے کی پوری صلاحیت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت تعلیم کو واقعی اپنی ترجیح بنائے۔ ان بیچارے اساتذہ کو الیکشن، پولیو مہم، مردم شماری اور نہ جانے کتنے دوسرے کاموں میں جھونک دیا جاتا ہے، اور پھر ان سے یہ توقع بھی رکھی جاتی ہے کہ کلاس روم میں کوئی کمی نہ رہے۔
اب پھر نجی اسکولوں کی طرف آتے ہیں۔ والدین کو چند ہزار کی فیس ادا کر کے نہ کبھی مطمئن ہونا چاہیے اور نہ وہ ہو سکتے ہیں۔ انہیں سوال کرنا چاہیے: عمارت کیسی ہے؟ صفائی کا کیا حال ہے؟ پینے کا صاف پانی میسر ہے یا نہیں؟ واش روم کس حالت میں ہیں؟ اساتذہ کا رویہ کیسا ہے؟ ہم جماعت بچے آپس میں کیسا برتاؤ کرتے ہیں؟ کیا کردار سازی پر کوئی توجہ دی جاتی ہے؟ اور سب سے بڑھ کر، کیا کوئی ہمارے بچے کی ذہنی اور جسمانی کیفیت کا خیال رکھتا ہے؟
وقت کے ساتھ ساتھ بہت سے نجی اسکول پیسہ کمانے کی مشینیں بن چکے ہیں۔ جب کسی درسگاہ سے تعلیم اور خدمت کا جذبہ نکل
جائے تو وہ اسکول نہیں رہتی، فیکٹری بن جاتی ہے، جہاں بچے پرزوں کی طرح ڈھالے جاتے ہیں۔
اس استحصال کا شکار صرف والدین نہیں، وہ اساتذہ بھی ہیں جو ان اسکولوں میں پڑھاتے ہیں۔ کم تنخواہ اور غیر یقینی حالات کی وجہ سے قابل اساتذہ یہاں آتے ہی نہیں، اور اگر مجبوری میں آ بھی جائیں تو چند ماہ یا ایک آدھ سال بعد کسی بہتر موقع کی طرف چلے جاتے ہیں۔ جہاں تنخواہ معقول ہو وہاں استاد ٹکتا ہے، اور جب استاد بار بار بدلتا ہے تو سب سے زیادہ نقصان اس بچے کا ہوتا ہے جو ابھی پچھلے استاد سے مانوس ہی ہوا تھا۔ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ اگر نجی اسکول گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس طلبہ سے پوری
وصول کرتے ہیں تو بلا چون و چرا اساتذہ کو بھی ان مہینوں کی تنخواہ بروقت ادا کریں۔
ان تمام مسائل کا ایک ہی مؤثر حل ہے: والدین کا اتحاد۔ آج اگر کوئی ایک باپ اسکول جا کر واش روم کی گندگی یا استاد کی عدم موجودگی کی شکایت کرے تو اسے سن کر ٹال دیا جاتا ہے۔ کوئی ایک ماں سوزوکی میں ٹھنسے بچوں پر اعتراض کرے تو جواب ملتا ہے کہ کوئی اور انتظام نہیں۔ لیکن جب سو والدین ایک آواز بن کر کھڑے ہوں گے تو کوئی اسکول، کوئی ٹرانسپورٹر اور کوئی محکمہ

انہیں نظر انداز نہیں کر سکے گا۔
اس علاقے کے والدین کو ایک باقاعدہ والدین ایسوسی ایشن بنانی ہوگی، اور یہ ایسوسی ایشن بنے گی تو مسائل حل ہوں گے:
• فیسوں میں شفافیت: فیسوں میں من مانے اضافے اور فنڈز کے نام پر اضافی وصولیوں کا حساب مانگا جا سکے گا۔
• قابل اساتذہ اور ان کا حق: اسکولوں سے مضمون کے ماہر اساتذہ رکھنے اور انہیں معقول اور بروقت تنخواہ دینے کا مطالبہ منوایا جا سکے گا، تاکہ استاد ٹکے اور بچے کو اکیڈمی کی محتاجی نہ رہے۔
• بنیادی سہولیات: صاف پانی، صاف واش روم اور محفوظ عمارت پر اسکولوں سے باقاعدہ جواب لیا جا سکے گا۔
• محفوظ ٹرانسپورٹ: والدین مل کر بچوں کے لیے محفوظ اور باعزت سواری کا انتظام کر سکیں گے، یا ٹرانسپورٹرز سے حفاظتی شرائط منوا سکیں گے۔
• بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت اور کردار سازی: اسکولوں سے ان امور پر باقاعدہ مکالمہ ہو سکے گا۔
• سرکاری اسکولوں کی بحالی: یہی ایسوسی ایشن سرکاری اسکولوں کے تعلیم یافتہ اساتذہ کے ساتھ مل کر محکمۂ تعلیم اور حکومتِ وقت سے یہ مطالبہ کر سکے گی کہ ان اسکولوں کا معیار نجی اسکولوں سے بہتر بنایا جائے، اور اساتذہ کو غیر تدریسی کاموں سے آزاد کیا جائے۔
یہ اسکول ہمارے ٹیکس سے چلتے ہیں، یہ ہمارے اپنے ہیں۔ ہمیں ان کی طرف لوٹنا ہوگا، اور ان کی بہتری کا مطالبہ اکیلے نہیں بلکہ مل کر کرنا ہوگا۔
کل صبح جب آپ اپنے بچے کو سوزوکی میں بٹھائیں تو ایک لمحے کو اس کی آنکھوں میں دیکھیے گا۔ وہ آپ سے چار ہزار روپے نہیں مانگ رہا۔ وہ آپ کا وقت، آپ کی توجہ اور آپ کا ساتھ مانگ رہا ہے۔ فیس ہم ہر مہینے ادا کر دیتے ہیں، اصل قرض وہ ہے جو ہم ابھی تک ادا نہیں کر پائے۔ یہ قرض کوئی ایک ماں یا ایک باپ اکیلے ادا نہیں کر سکتا۔ ہم سب مل کر کھڑے ہوں گے تو اسکول بھی بدلیں گے اور ہمارے بچوں کا کل بھی۔