اقبالؒ کی فکر آج بھی مشعلِ راہ ہے، قوم کی نجات ان کے افکار پر عمل میں مضمر ہے — اکرم رضوی

اسلام آباد (حذیفہ اشرف)میں محافظانِ نظریہ پاکستان کے زیرِ اہتمام علامہ اقبالؒ کی فکر و فلسفہ پر ایک فکری سیمینار منعقد ہوا، جس میں مختلف علمی، سماجی اور تعلیمی شخصیات سمیت طلبہ اور علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انجمنِ طلبہ اسلام کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں میں خودی، ایمان، عمل اور عشقِ رسول ﷺ کی شمع روشن کی۔ اقبالؒ کا پیغام آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ان کی فکر ہر دور میں راہنمائی کا سرچشمہ ثابت ہوتی آئی ہے۔محمد اکرم رضوی نے کہا کہ آج کے نوجوان اگر اقبالؒ کے تصورِ خودی کو سمجھ لیں تو وہ نہ صرف اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں بلکہ پوری قوم کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کی فکر کا مرکز عشقِ رسول ﷺ ہے، اور ایمان کی معراج حضورِ اکرم ﷺ کی محبت و اطاعت میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کی نجات اقبالؒ کے افکار پر عمل میں مضمر ہے۔ ہمیں اقبالؒ کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قوم اپنی کھوئی ہوئی شناخت دوبارہ حاصل کر سکے۔ اقبالؒ نے نوجوانوں کو عزمِ بلند، کردار کی مضبوطی اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا درس دیا۔