موضع پنوال، تھانہ صدر چکوال کے علاقہ سے اغوا ہونے والی کمسن بچی نورِ جنت کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ بچی کی لاش قریبی پانی کی ٹینکی سے برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب دو نامعلوم نقاب پوش افراد نے دن دیہاڑے تقریباً ساڑھے تین سے چار سالہ بچی نورِ جنت کو اغوا کر لیا تھا۔ بچی ارشد محمود جٹ کی پوتی تھی، جس کے اغوا کی اطلاع فوری طور پر تھانہ صدر چکوال کو دے دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
واقعہ کے بعد اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
“میں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروں”
یہ دلخراش سانحہ انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دینے کے لیے کافی ہے۔