محمد رضوان کو NCCIAنے دوبارہ طلب کر لیا

(پنڈی پوسٹ نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے دوسرا نوٹس موصول ہوگیا ہے، جس میں انہیں 2 اکتوبر کو لاہور دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔ قریبی ذرائع کے مطابق نوٹس رضوان کے گھر کے پتے پر موصول ہوا اور انہیں ضبط کیے گئے موبائل فون کے فرانزک اور تجزیے کے لیے دوپہر 3 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان وکیل کے ہمراہ NCCIA میں پیش ہوں گے۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رضوان سے حاصل کیے گئے موبائل فون کا فرانزک تجزیہ کرنا مقصود ہے، تاہم مبینہ الزامات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق رضوان کی جانب سے NCCIA کو بھیجے گئے خط کا تاحال جواب موصول نہیں ہوا، اس لیے وہ پیشی کے دوران اپنے خلاف انکوائری اور الزامات کی تفصیلات سے متعلق وضاحت طلب کریں گے۔