ماہندر: گیس کی شدید لوڈشیڈنگ، اہل علاقہ مشکلات کا شکار

(پنڈی پوسٹ نیوز)ماہندر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق گیس کی فراہمی میں مسلسل تعطل کے باعث گھریلو صارفین کے لیے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو رہے ہیں اور لوگ گیس کی شکل دیکھنے کو ترس گئے ہیں۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں گیس کی فراہمی انتہائی کم ہو گئی ہے، جبکہ بعض اوقات کئی کئی گھنٹے گیس دستیاب نہیں ہوتی۔ گیس کی عدم دستیابی کے باعث خواتین کو کھانا پکانے سمیت دیگر گھریلو امور میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ شہری متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس سے گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

اہل علاقہ نے بتایا کہ گیس کی کمی کا مسئلہ طویل عرصے سے جاری ہے اور متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ صورتحال سے آگاہ کیا جا چکا ہے، تاہم تاحال مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولت کی مناسب فراہمی نہ ہونا باعث تشویش ہے۔

اہل علاقہ نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہندر اور گردونواح میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، گیس پریشر اور فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لے کر مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔