ساگری (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ٹیلی فون ایکسچینج ساگری اور گردونواح کے سینکڑوں انٹرنیٹ صارفین نے پی ٹی سی ایل کی جانب سے مبینہ طور پر سہولیات کی غیر مساوی فراہمی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
صارفین کے مطابق ساگری ٹیلی فون ایکسچینج سے منسلک پرانے سینکڑوں صارفین کو تاحال روایتی کاپر لائنوں کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث انہیں سست رفتار اور غیر تسلی بخش انٹرنیٹ سروس کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ڈی ایچ اے فیز 7 میں نئے صارفین کو فائبر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ساگری ٹیلی فون ایکسچینج میں جدید ترین فائبر سسٹم نصب ہو چکا ہے، تاہم اس کے باوجود ساگری اور گردونواح کے تقریباً 750 انٹرنیٹ صارفین اس جدید سہولت سے محروم ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ فائبر نظام کو فعال کرتے ہوئے موجودہ صارفین کو بھی ترجیحی بنیادوں پر فائبر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔
صارفین نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے انٹرنیٹ کے بل ادا کر رہے ہیں اور انہیں بھی جدید اور معیاری انٹرنیٹ سروس حاصل کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل کے چیئرمین اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ساگری ایکسچینج کے فائبر منصوبے کا جائزہ لے کر صارفین کو درپیش مسئلے کا فوری حل کیا جائے اور تمام صارفین کو بلاامتیاز جدید فائبر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔