راولپنڈی ( نذیر احمد ملک خصوصی نمائندہ ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج راولپنڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا، جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔
دھرنے میں شہریوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سماجی و سیاسی کارکنوں اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے، مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج میں امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، صدر الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب حاجی رضوان احمد، امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے۔