(پنڈی پوسٹ نیوز)لاہور کے جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگنے کے باعث عمارت میں دھواں بھر گیا، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ کی حالت خراب ہوگئی۔ذرائع کے مطابق آگ چھت میں نصب بجلی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس پر اسپتال کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند منٹوں میں قابو پالیا۔آگ کے باعث گائنی وارڈ میں دھواں بھرنے پر حاملہ خواتین سمیت تقریباً 70 افراد کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ گارڈ کو جنرل اسپتال کی ایمرجنسی میں طبی امداد دی جا رہی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج صبح جنرل اسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگی، تاہم اسپتال کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چند منٹوں میں آگ پر قابو پالیا۔ واقعے میں کسی مریض، لواحقین یا طبی عملے کو نقصان نہیں پہنچا۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، جنرل اسپتال میں آگ پر بروقت قابو پانا ان انتظامات کی مؤثر کارکردگی کا ثبوت ہے۔