امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورۂ پاکستان منسوخ، سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود اہم پیش رفت نہ ہوسکی
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورۂ پاکستان اچانک منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں جاری اہم سفارتی سرگرمیوں، خصوصاً ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے مزاکرات کے حتمی مرحلہ میں داخل نہ ہونے کی وجہ سے کیا گیا
ذرائع کے مطابق نائب صدر کا دورہ ایک نہایت اہم وقت میں طے پایا تھا، تاہم ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت اور حساس صورتحال کے پیش نظر ان کی مصروفیات میں اچانک تبدیلی آئی، جس کے باعث پاکستان کا دورہ منسوخ کرنا پڑا۔ سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات خطے کی مجموعی سکیورٹی اور سیاسی استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان میں نائب صدر کی آمد سے قبل سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ تھی، جبکہ جی روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار تھے۔
مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو پہلے ہی متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی تاکہ سکیورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ یہ دورہ پاک-امریکہ تعلقات کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا تھا، تاہم بین الاقوامی سفارتی ترجیحات کے باعث اس نوعیت کے فیصلے غیر معمولی نہیں ہوتے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دورہ مستقبل میں کسی مناسب وقت پر دوبارہ طے کیا جا سکتا ہے۔